امام محمد تقی(ع) کے یوم شہادت کے احیاء کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں منعقد ہونے والی تین روزہ مجالسِ عزاء اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔
ان مجالس کا اہتمام و انتظام شعبۂ خطابت برائے حسینی تبلیغ نے روضہ مبارک کے اندرونی صحنِ مطہر میں کیا تھا، یہ مجالس عزاء تین روز تک صبح و شام منعقد ہوتی رہیں۔
صبح کی مجالس سے شیخ عبد المہدی عبادی نے خطاب کی سعادت حاصل کی جبکہ شام کے وقت منعقدہ مجالس سے شیخ عبد الحسن اسدی کو خطاب کا شرف حاصل رہا ۔ ان مجالس میں صاحبِ مصیبت امام محمد تقی(ع) کی یاد میں مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی کے فرائض مسلم وائلی اور قحطان بدیری نے انجام دیئے۔
ان مجالس میں خطباء نے امام محمد تقی(ع)کی سیرتِ طیبہ، مظلومیت، علمی مقام، اخلاقی و روحانی فضائل، اور اسلامی اقدار کے فروغ میں آپ کے کردار کو اجاگر کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عباسی سلطنت کی طرف سے آپؑ پر روا رکھے گئے مظالم کو بھی مؤثر انداز میں بیان کیا۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اہل بیت اطہار(ع) سے منسلک تمام مناسبات کو بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کا اہتمام کرتا ہے تاکہ ان عظیم ہستیوں کی پاکیزہ سیرت و تعلیمات اور ان کے فضائل کو عام کیا جا سکے، اور ان کے روشن و بابرکت راستے پر عمل کا عزم تازہ ہو۔