یومِ عرفہ اور عید الاضحیٰ جیسے عظیم اور روحانی مواقع پر ملک و بیرونِ ملک سے کربلا آنے والے زائرین کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور انتظامات کیے ہیں۔
روضہ مبارک نے زائرین کی متوقع غیر معمولی تعداد کے پیشِ نظر ایک جامع خدماتی وانتظامی لائحہ عمل ترتیب دیا ہے، جس میں سیکیورٹی، خدمات اور طبی امداد کے پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور اس میں روضہ مبارک کے تمام شعبہ جات بھرپور انداز میں شریک ہیں، تاکہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
انتظامی سطح پر زائرین کی آمد و رفت کو منظم بنانے کے لیے داخلے اور اخراج کے راستے متعین کیے گئے ہیں، جبکہ صحنِ مطہر میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ روضہ مبارک کے گردونواح میں کھلی جگہوں کو بھی تیار کر کے سبز سائباں نصب کر دیئے گئے ہیں تاکہ زائرین شدید موسم کے اثرات سے محفوظ رہیں۔
خدماتی اقدامات کے تحت روزانہ دسیوں ہزار افراد کے لیے کھانے کی فراہمی کا انتظام کیا گیا ہے، جنہیں مختلف مقامات سے تقسیم کیا جائے گا۔ پینے کے صاف پانی کی مسلسل فراہمی کے لیے کئی مقامات پر اضافی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ زائرین کو فوری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے موبائل طبی ٹیموں اور مستقل میڈیکل مراکز کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
روضہ مبارک کی جانب سے ان انتظامات میں فکری و اخلاقی رہنمائی کا پہلو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف مقامات پر مجالس ومحافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ زائرین ناصرف عبادات انجام دیں بلکہ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے بھی فیض یاب ہوں۔
یہ تمام تر اقدامات اس عزم کا مظہر ہیں کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) زائرین کو روحانی و پرسکون اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام توانائیاں وقف کیے ہوئے ہے۔