روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے انجینئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے تیسرے بین الاقوامی ہفتۂ کی تقریبات کے لیے مختص ہالوں میں پہلے سے موجود آڈیو اور ویڈیو سسٹمز کی جانچ اور مزید مطلوبہ سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) تیسرے سالانہ ہفتۂ امامت کا انعقاد عیدِ غدیر کی مناسبت سے کر رہا ہے، جس کا مرکزی شعار ہے : "نبوت و امامت—ایک ہی درخت کی دو ناقابلِ جدا شاخیں ہیں" جبکہ اس کا عنوان ہے: " آئمہ(ع) کی ہدایات: رشد و تقویٰ"۔ اس کی سرگرمیاں 17 ذی الحجہ 1446 (14 جون 2025) سے شروع ہوں گی،اور اس میں ایران، مصر، یمن، لبنان، سعودی عرب، الجزائر، کینیا، تیونس، افغانستان، موریا، کویت، شام اور کویت کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
اس کام پر مامور سکرین اینڈ ڈیزائن یونٹ کے سربراہ جہاد عدنان نے بتایا ہے: یونٹ کے عملے نے امام حسن(ع) ہال اور القاسم(ع) ہال میں ساؤنڈ اور ویڈیو سسٹم کو تیسرے بین الاقوامی ہفتہ امامت کے لیے مکمل طور پر تیار کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہالز جدید ترین ریڈیو اور ٹیلی ویژن براڈکاسٹنگ ٹیکنالوجیز سے لیس ہیں، جو اعلیٰ معیار کی آڈیو اور ویڈیو ٹرانسمیشن کو یقینی بناتے ہیں کہ جن سے ہفتۂ امامت کے پروگراموں کی کوریج میں استفادہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہفتہ امامت کے ذریعے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اہلِ بیت(ع) کی حیاتِ مبارکہ اور ان کے علمی ورثے کو ناصرف عصری تناظر میں روشناس کرانے کا عزم رکھتا ہے، بلکہ عصرِ حاضر کے فکری انحرافات، شبہات اور نظریاتی بحرانوں کا مدلل اور علمی حل فراہم کرنے میں آئمہ اطہار(ع) کے مؤثر کردار کو بھی بیان کرنا چاہتا ہے۔