اس پُرمسرت مناسبت پر ضریح مبارک حضرت عباس(ع) کو گلدستوں اور پھولوں کی چادروں سے مزین کرنے کے لیے باقاعدہ ایک تقریب کا اہتمام کیا گيا کہ جس میں دفتر متولی شرعی کے ڈائریکٹر جواد حسناوی نے بھی شرکت کی۔
روضہ مبارک میں یہ روایت چلی آ رہی ہے کہ چہاردہ معصومین(ع) اور اہل بیت(ع) کی برگزیدہ ہستیوں کے جشن ہائے میلاد اور دیگر ایام مسرت کو منانے اور خوشی کا ماحول بنانے کے لیے خدامِ روضہ اس مقدس مقام کو پھولوں اور آرائشی مواد سے سجاتے ہیں اور اہل بیت(ع) سے منسلک خوشیوں کی مناسبات میں سے ایک اہم ترین دن عید غدیر بھی ہے لہذا اس مناسبت پر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام نے ضریح مبارک کو سجانے کے لیے خوبصورت، خوش رنگ اور خوشبودار قدرتی پھولوں کو کافی اہتمام سے دیدہ زیب انداز میں ترتیب دیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام عید الفطر، عید الاضحیٰ اور عید غدیر کے مواقع پر زائرین کو عطور، مٹھائیاں اور پھول پیش کرتے ہیں۔