روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیر اہتمام تیسرے بین الاقوامی ہفتۂ امامت کا آغاز

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیر اہتمام منعقدہ افتتاحی تقریب کے ساتھ تیسرے بین الاقوامی ہفتۂ امامت کے پروگراموں اور ثقافتی سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔

یہ ہفتۂ امامت روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سےعیدِ غدیر کی مناسبت سے اس مرکزی شعار کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے : "نبوت و امامت—ایک ہی درخت کی دو ناقابلِ جدا شاخیں ہیں" جبکہ اس کا عنوان ہے: " آئمہ(ع) کی ہدایات: رشد و تقویٰ"۔ دنیا بھر سے بڑی تعداد میں علمی اور سماجی شخصیات اس ہفتۂ امامت میں شرکت کے لیے کربلا مقدسہ آئيں ہیں۔

افتتاحی تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی، سیکریٹری جنرل سید مصطفی مرتضیٰ آل ضیاء الدین، مجلس ادارہ کے ارکان، مختلف شعبوں کے سربراہان، نیز عراق اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی علمی، دینی، سرکاری اور اکیڈمک شخصیات شریک ہوئیں۔

اس تقریب کا آغاز قاری حیدر بزونی کی خوش الحان تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد علامہ سید احمد صافی نے حاضرین سے استقبالیہ خطاب کیا۔ اس کے بعد گزشتہ دو سالوں میں منعقد ہونے والے ہفتۂ امامت کے بارے میں ایک جامع دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

اس ہفتۂ امامت کے ضمن میں بارہ آئمہ اہل بیت(ع) میں سے ہر ایک امامؑ کی شخصیت کے بارے میں بارہ علمی و فکری کانفرنسیں منعقد ہوں گی۔ اس کے علاوہ علمی تحقیقی نشستیں، حوزوی و اکیڈمک مباحثے، ثقافتی و فنّی مقابلے، علمی ورکشاپس اور سیمینارز بھی پروگرام کا حصہ ہوں گے کہ جن میں عراق اور بیرون ملک سے آنے والی نامور علمی شخصیات عربی اور انگریزی زبان میں اپنی تحقیقات پیش کر یں گی۔

واضح رہے کہ ہفتہ امامت کے ذریعے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اہلِ بیت(ع) کی حیاتِ مبارکہ اور ان کے علمی ورثے کو ناصرف عصری تناظر میں روشناس کرانے کا عزم رکھتا ہے، بلکہ عصرِ حاضر کے فکری انحرافات، شبہات اور نظریاتی بحرانوں کا مدلل اور علمی حل فراہم کرنے میں آئمہ اطہار(ع) کے مؤثر کردار کو بھی بیان کرنا چاہتا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: