نامور جزائری محقق و مصنف محمد عبد القادر حسنی نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجید اور اہل بیت(ع) کی تعلیمات سے تمسک، موجودہ دور میں امت مسلمہ کو درپیش بحرانوں سے نجات دلانے کا موثر ذریعہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیسرے بین الاقوامی ہفتہ امامت کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ یہ ہفتۂ امامت روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سےعیدِ غدیر کی مناسبت سے اس مرکزی شعار کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے : "نبوت و امامت—ایک ہی درخت کی دو ناقابلِ جدا شاخیں ہیں" جبکہ اس کا عنوان ہے: " آئمہ(ع) کی ہدایات: رشد و تقویٰ"۔ دنیا بھر سے بڑی تعداد میں علمی اور سماجی شخصیات اس ہفتۂ امامت میں شرکت کے لیے کربلا مقدسہ آئيں ہیں۔
محمد عبد القادر حسنی نے کہا: اہل بیت(ع) کی تربیتی تعلیمات وہدایات ایک جامع اور بلند پایہ فکری و اخلاقی نظام کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اگر تاریخ کے مختلف ادوار میں مسلمان ان اصولوں کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں اپناتے، تو آج امت کا حال مختلف اور کہیں بہتر ہوتا کیونکہ قرآن کریم اور اہل بیت(ع) کی تعلیمات ہی وہ راہِ نجات ہیں جن کے ذریعے امت مسلمہ موجودہ بحرانوں پر قابو پا سکتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا: تیسرے سالانہ ہفتۂ امامت میں شریک ہونا میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ میں نے گزشتہ برس بھی اس باوقار علمی اجتماع میں شرکت کی تھی، اور وہ میرے لیے ایک یادگار اور بصیرت افروز تجربہ تھا، جہاں مختلف اسلامی ممالک سے آئے ہوئے اساتذہ و محققین کے علمی مباحث نے فکری وسعت عطا کی۔