روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے ذی قار اور میسان میں نوجوانوں کے لیے ثقافتی و تربیتی پروگراموں کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ برائے فکری و ثقافتی امور نے عراق کے صوبہ ذی قار اور صوبہ میسان میں نوجوانوں کی فکری و تخلیقی استعداد کو فروغ دینے کے لیے دو اہم پروگرامز کا انعقاد کیا: ایک فکری نشست اور ایک فوٹوگرافی ورکشاپ۔

"شعور کی تشکیل میں مطالعے کی اہمیت" کے عنوان کے تحت ذی قار میں منعقدہ فکری نشست کا اہتمام مذکورہ بالا شعبہ کے ذیلی ادارے قمر کلچرل فورم کی طرف سے کیا گیا کہ جس میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فورم کے ڈائریکٹر شیخ حارث داحی نے بتایا کہ اس علمی وفکری نشست کے دوران فرد اور معاشرے کے فکری ارتقا اور عصرِ حاضر کے فکری چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے میں مطالعے کی کلیدی اہمیت کے بارے میں گفتگو کی گئی۔

اسی طرح نشست میں تسلسل کے ساتھ دینی اور علمی مطالعے کی اہمیت پر زور دیا گیا، اور باشعور و بااخلاق شخصیت کی تشکیل کے لیے ایک مثالی نمونہ کے طور پر آئمہ اہل بیت(ع) کی سیرت پر روشنی ڈالی گئی۔

میسان گورنریٹ میں آرٹ آف فوٹوگرافی ایسوسی ایشن کے تعاون سے پانچ روزہ فوٹوگرافی ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوان فوٹوگرافرز کی فنی مہارتوں کو نکھارنا ہے۔ ورکشاپ میں کیمرہ آپریشن، عدسات کی اقسام، روشنی کا استعمال، اور تصویری ترکیب جیسے موضوعات پر نظری و عملی سیشنز منعقد کیے گئے۔

میسان میں فورم کی فکری و ثقافتی سرگرمیوں کے نگران سید احمد حلو کے مطابق، یہ تربیتی کورس اور ورکشاپ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہو گی۔

دونوں سرگرمیاں "الشاب الفعّال" پروگرام کا حصہ تھیں، جس کا مقصد نوجوانوں کی علمی، فکری، اور مہارتی تربیت کے ذریعے انھیں معاشرے کا مثبت، باخبر اور مؤثر رکن بنانا ہے۔ یہ پروگرام روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اس وژن کا عملی اظہار ہے، جو ایک باشعور اور باوقار نسل کی تیاری پر مرکوز ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: