کربلا میں سمر قرآنی کورسز میں شرکت کرنے والے 13 ہزار طلباء کے اعزاز میں پُروقار تقریب

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے کربلا میں منعقدہ سمر قرآنی کورسز پروجیکٹ میں شرکت کرنے والے 13 ہزار طلباء کے اعزاز میں پُروقار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا۔

ان قرآنی کورسز کا اہتمام وانتظام روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے قرآن علمی کمپلکس کے ذیلی ادارے قرآن انسٹی ٹیوٹ کربلا برانچ نے کیا۔

یہ تقریب نجف کربلا روڈ پر واقع روضہ مبارک کے "ابو الفضل العباس(ع) خدماتی کمپلکس" میں منعقد ہوئی، جس میں روضہ مبارک کے ڈپٹی سیکرٹری عباس موسیٰ، مختلف شعبوں کے سربراہان، اور دینی و علمی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے سورۃ فاتحہ پڑھی گئی۔ بعد ازاں عراق کا قومی ترانہ اور روضۂ عباس(ع) کا مخصوص ترانہ"لحن الإباء" پڑھا گیا، جس کے بعد قرآن علمی کمپلکس کے معاون سربراہ ڈاکٹر ابراہیم تمیمی نے روضہ مبارک کی طرف سے استقبالیہ خطاب کیا۔

ڈاکٹر تمیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ: روضہ مبارک حضرت عباس(ع) ان قرآنی کورسز کے ذریعے ایسے بااخلاق افراد کی تیاری کی جانب گامزن ہے جو ایسے وقت میں آیات الٰہی سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں کہ جب فتنوں اور شبہات کی موجوں کے درمیان اقدار کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

قرآن انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر شیخ جواد نصراوی نے اس حوالے سے بتایا کہ تقریب میں مختلف علمی و فکری سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں، جن میں طلباء کی نمائندگی کرتے ہوئے سپیشل بچے عباس میثم ہادی کا خطاب بھی شامل ہے ، انہوں نے اپنے خطاب میں کورسز میں شامل عقائد، فقہ، اخلاق اور سیرت جیسے اہم مضامین اور قرآنِ کریم کی صحیح تلاوت کے حوالے سے گفتگو کی۔

تقریب میں موسمِ گرما کے ان تعلیمی کورسز کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، علاوہ ازیں طلباء نے ترانہ "بالقرآن نحيا" پیش کیا، جو قرآنی منہج پر گامزن رہنے کے عہد کا اظہار ہے۔

واضح رہے کہ قرآن علمی کمپلکس ہر سال موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران قرآنی کورسز کا انعقاد کرتا ہے تاکہ طلباء کے لیے مفید سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور تعلیماتِ اسلام اور مکتبِ اہل بیت(ع) سے وابستہ قرآنی نسل پروان چڑھائی جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: