روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیرِانتظام قائم الکفیل پلانٹس نرسریز اپنے پُرفضا ماحول اور جامع تفریحی خدمات کی وجہ سے ان دنوں عراقی خاندانوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئیں ہیں کربلا اور ملک کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔
یہاں آئے ہوئے مرتضیٰ بشّار نے اس حوالے سے کہا کہ روزمرہ زندگی کے شور و غوغا سے دور پرُسکون ماحول، دلکش مناظر اور فطرت سے قربت جیسے عوامل الکفیل نرسریز کو ایک مثالی تفریحی مقام بناتے ہیں۔ یہاں ریستوران، باربی کیو کے لیے مخصوص جگہیں، خوبصورت آبشاریں، اور بچوں کے لیے تفریحی کھیلوں کے علیحدہ ایریا موجود ہیں، جو اہلِ خانہ کے تمام افراد کو یکساں تفریح فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سبزازار اسے حقیقی معنوں میں سکون آور بناتے ہیں، کہ جہاں شہری آلودگی اور شور سے پاک صحت بخش اور محفوظ فضا دستیاب ہے۔
یہاں آئے ہوئے زید صلاح نے اس موقع پر کہا کہ الکفیل نرسریز میں ہر دفعہ آنے پر یہاں کے بنیادی ڈھانچے کی مسلسل بہتری اور سہولیات کے معیار میں مزید ترقی کا واضح احساس ہوتا ہے کہ جو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے تفریحی و خدماتی منصوبوں میں پُرخلوص دلچسپی اور گہری توجہ کا عکاس ہے۔