ملک کی جامعات میں علمی اشتراک اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں جامعہ الکفیل اور جامعہ القاسم الخضراء نے باہمی تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پائیدار ترقی، علمی تبادلے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو تقویت دینا ہے۔
معاہدے پر دستخط جامعہ الکفیل کے کالج آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی کے ڈین ڈاکٹر فضیل اسماعیل شراد، اور جامعہ القاسم الخضراء کے سائنس کالج کی ڈین ڈاکٹر ذکرىٰ عدنان جواد نے کیے۔ معاہدے کا محور سائنسی و تعلیمی اشتراک کو وسعت دینا اور تدریسی و تحقیقی معیار کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
یادداشت میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں جامعات مشترکہ طور پر سائنس، تحقیق، تربیت اور اکیڈمک ایکسچینج کے حوالے سے پراجیکٹس ترتیب دیں گی اور اس کے لیے باقاعدہ لائحۂ عمل وضع کیا جائے گا، جس سے دونوں فریقوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
دونوں اداروں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اس معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ ناصرف تعلیمی معیار میں بہتری آئے بلکہ طلباء، اساتذہ اور محققین کو عالمی سطح کے مواقع میسر آ سکیں۔
یہ اقدام جامعہ الکفیل کی اس اسٹریٹجک وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ اندرونِ ملک مستند علمی اداروں کے ساتھ مؤثر شراکت داری قائم کر کے تعلیم کی ترویج اور تعلیمی پالیسی میں انقلابی بہتری لانے کی خواہاں ہے۔