روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ممتاز قاری اور مؤذن سید محمد رضا زبیدی نے "قومی غدیر مقابلے برائے اذان" میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوّل پوزیشن حاصل کی۔
عید غدیر کی پُرمسرت مناسبت پر منعقدہ اس مقابلے کا اہتمام مسجد کوفہ کے شعبہ دینی امور سے وابستہ دار القرآن نے کیا تھا۔ اس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے 22 منتخب مؤذنین نے شرکت کی، جن کا تعلق مختلف روضات مقدسہ، مزارات شریفہ، قرآنی انجمنوں کی یونین، اور قومی مرکز برائے علومِ قرآن سے تھا۔
مقابلے میں دوسری پوزیشن واسط سے تعلق رکھنے والے مؤذن احمد عامر محمود نے حاصل کی، جبکہ تیسری پوزیشن روضہ مبارک امام علی(ع) کے مؤذن محمد مصطفی قتاد کے حصے میں آئی۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اپنے عملے کی قرآنی اور صوتی صلاحیتوں کو نکھارنے میں ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ادارہ مؤذنین اور قرّاء کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے تخصصی ورکشاپس، تربیتی کورسز اور علمی نشستوں کا اہتمام کرتا ہے، نیز ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں مقامی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔