فتوئِ دفاعِ کفائی کے بارے میں دوسری سالانہ علمی کانفرنس کا آغاز

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیرِ سرپرستی عباس عسکری برگیڈ اور نیشنل ڈیفنس کالج کے مشترکہ تعاون سے فتوئِ دفاعِ کفائی کے بارے میں دوسری سالانہ علمی کانفرنس کا آغاز "بصیرتِ فتویٰ: ہماری امت کا تحفظ اور مستقبل" کے عنوان کے تحت ہو چکا ہے۔

اس کانفرنس کی افتتاحی تقریب روضہ مبارک کے امام حسن(ع) ہال میں منعقد ہوئی، جس میں روضہ مبارک کی مجلس ادارہ کے اراکین، مختلف شعبوں کے سربراہان، اور سرکاری و علمی شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد شہدائے وطن کی ارواح کے ایصال ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ پڑھی گئی۔ اس کے بعد بالترتیب عراق کا قومی ترانہ اور روضہ مبارک کا مخصوص ترانہ "لحن الإباء"پڑھا گیا۔

افتتاحی تقریب سے عباس عسکری برگیڈ کے کمانڈر میثم زیدی نے استقبالیہ حطاب کیا۔ جس کے بعد نیشنل ڈیفنس کالج کے ڈین، میجر جنرل ڈاکٹر علی ہندول شمری نے اپنے ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا، جس میں انہوں نے فتوئِ دفاعِ کفائی کی قومی و عسکری اہمیت کو اجاگر کیا۔

یہ کانفرنس دو اہم تحقیقی نشستوں پر مشتمل ہے، جن میں پیش کیے جانے والے علمی مقالات میں فتوئِ دفاعِ کفائی کے حوالے سے اعلیٰ دینی قیادت کے تاریخی کردار کو اجاگر کیا جائے گا کہ جس کی بدولت عراق تباہی کے دہانے سے نکل کر کامیابی اور استحکام کی راہ پر آیا۔ نشستوں میں یہ بھی زیر بحث آئے گا کہ کس طرح مرجعیت نے قومی سلامتی کے تحفظ، انتہا پسندانہ بیانیوں کی روک تھام، اور سماجی ہم آہنگی و پرامن بقائے باہمی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اس تاریخی باب کو فکری و علمی انداز میں محفوظ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اسی مقصد کے تحت وہ علمی کانفرنسوں کے انعقاد اور تحقیقی منصوبوں کی سرپرستی کر رہا ہے، تاکہ فتویٰ دفاع کفائی سے جنم لینے والے اصول و اقدار قومی حافظے کا مستقل حصہ بن جائیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: