عراقی دارالإفتاء: روضہ مبارک حضرت عباس(ع) قومی وحدت کے فروغ میں ہمیشہ سے پیش پیش ہے

عراقی دارالإفتاء کے ترجمان اور دار الافتاء میں مرکز مطالعہ و تحقیق کے سربراہ، شیخ عامر بیاتی نے کہا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) ہمیشہ سے اُن علمی و فکری سرگرمیوں کی سرپرستی میں پیش پیش رہا ہے، جو ملک میں قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیرِ سرپرستی منعقدہ فتوئِ دفاعِ کفائی کے بارے میں دوسری سالانہ علمی کانفرنس میں کیا جس کا اہتمام و انتظام عباس عسکری برگیڈ اور نیشنل ڈیفنس کالج کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا ہے اور یہ کانفرنس "بصیرتِ فتویٰ: ہماری امت کا تحفظ اور مستقبل" کے عنوان کے تحت جاری ہے۔


شیخ البیاتی نے کہا: یہ کانفرنس نجف اشرف میں موجود اعلی دینی قیادت کے اس مبارک فتویٰ کی یاد میں منعقد کی گئی ہے جس کے ذریعے عراق کو ان دہشت گرد گروہوں کے نرغے سے نجات ملی، جو ملک کی سلامتی اور وحدت کو پارہ پارہ کرنے کے درپے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان دہشت گردوں کا نظریہ سیرتِ نبویہ سے سراسر متصادم ہے، کیونکہ کوئی بیٹا اپنی ہی سرزمین پر حملہ آور نہیں ہو سکتا، اور نہ ہی اپنے ہی ہم وطنوں کو قتل کر سکتا ہے۔

بیاتی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: روضہ مبارک حضرت عباس(ع) ہمیشہ سے اُن علمی و فکری سرگرمیوں کی سرپرستی میں پیش پیش رہا ہے، جو ملک میں قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔


واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اس تاریخی باب کو فکری و علمی انداز میں محفوظ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اسی مقصد کے تحت وہ علمی کانفرنسوں کے انعقاد اور تحقیقی منصوبوں کی سرپرستی کر رہا ہے، تاکہ فتویٰ دفاع کفائی سے جنم لینے والے اصول و اقدار قومی حافظے کا مستقل حصہ بن جائیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: