روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی انتظامیہ ماہِ محرم 1447ھ کی آمد پر سارا سال گنبدوں پر لہرانے والے سرخ علم کو اتار کر ان کی جگہ سیاہ علم نصب کرنے کی روح پرور عزائی تقریب منعقد کرنے جا رہی ہے۔
یہ پُراثر اور پُرہیبت تقریب بروز جمعرات 29 ذی الحجہ 1446ھ، بمطابق 26 جون 2025ء کو، نمازِ مغربین کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے بابِ قبلہ کے سامنے انجام پائے گی، جس میں ہر سال کی طرح امسال بھی لاکھوں مومنین کی شرکت متوقع ہے۔
تبدیلئ علم کی یہ تقریب صرف ایک ظاہری تبدیلی نہیں بلکہ کربلا کی جاوداں یادوں، سید الشہداء امام حسینؑ اور اُن کے وفادار اہلِ بیت و اصحابؑ کی عظیم قربانیوں کی تجدید کا مظہر ہے۔
واضح رہے کہ حضرت امام حسین(ع) اور حضرت عباس (ع) کے روضہ مبارک کے گنبدوں پر سارا سال سرخ علم لہراتے ہیں اور یہ سرخ علم اس بات کی علامت ہیں کہ یہ وہ مقتول ہیں کہ جن کے خون کا انتقام لینا باقی ہے خدا کا وعدہ ہے کہ امام زمانہ(عج) اپنے ظہور کے بعد امام حسین(ع) اور شہداء کربلا(ع) کے قاتلوں سے ان کے ہر ظلم و ستم کا بدلہ لیں گے اور پوری دنیا کو انسانیت کے دشمنوں سے پاک کر دیں گے تاکہ پوری انسانیت سکون اور سعادت کی زندگی گزار سکے۔
یاد رہے کہ علم کی تبدیلی کی تقریب کا باقاعدہ آغاز صدام ملعون کی حکومت کے خاتمے کے بعد سن 2004ء میں کیا گیا کہ جو اس وقت کربلا کے روضوں میں منعقد ہونے والی اہم ترین تقریب کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ جبکہ اس سے پہلے ماہ محرم کے آتے ہی خاموشی سے علم تبدیل کر دیئے جاتے تھے۔