روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں تقریبِ تبدیلئِ عَلم کا انعقاد — سرخ عَلم کی جگہ سیاہ علم نصب

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں ماہِ محرم الحرام 1447 ہجری کے آغاز کے اعلان کے ساتھ ہی تبدیلئِ عَلم کے مراسم ادا کیے گئے اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے گنبد پر سارا سال لہرانے والے سرخ علم کو اُتار کر وہاں سیاہ علم نصب کر دیا گیا۔

تبدیلئِ عَلم کے مراسم کے سلسلہ میں پہلے لاکھوں عزاداروں کی موجودگی میں روضہ مبارک امام حسین(ع) کے گنبد سے سرخ علم اُتار کر سیاہ علم نصب کیا گیا۔

جس کے بعد سب کی نظریں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے گنبد اقدس کی طرف دیکھنے لگیں جہاں تبدیلئِ عَلم کے مراسم روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل سید مصطفی مرتضیٰ آل ضیاء الدین نے ادا کیے اور گنبد مبارک پر جا کر علم کو تبدیل کرنے کا عظیم شرف حاصل کیا۔

تبدیلئِ عَلم کے حوالے سے باقاعدہ تقریب روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب قبلہ کے سامنے والے بیرونی صحنِ مطہر میں منعقد ہوئی، جس میں روضہ مبارک کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی، ادارے کے اعلیٰ ذمہ داران، حوزوی، علمی اور سماجی شخصیات کے علاوہ مختلف وفود اور لاکھوں عزاداروں نے شرکت کی، کہ جہاں فضا مکمل طور پر غم، حزن، اور سوگ سے ڈھکی ہوئی تھی، اور ہر چہرہ سے غم جھلک رہا تھا۔

باب قبلہ کے سامنے منعقدہ اس تقریب کے دوران گنبدِ روضۂِ عباس(ع) سے علم کی تبدیلی کے ساتھ ہی وہاں بھی سیاہ علمِ عزاء بلند کیا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی نے خطاب کیا۔

یاد رہے کہ علم کی تبدیلی کی تقریب کا باقاعدہ آغاز صدام ملعون کی حکومت کے خاتمے کے بعد سن 2004ء میں کیا گیا کہ جو اس وقت کربلا کے روضوں میں منعقد ہونے والی اہم ترین تقریب کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ جبکہ اس سے پہلے ماہ محرم کے آتے ہی خاموشی سے علم تبدیل کر دیئے جاتے تھے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: