عاشوراء کے قریب آتے ہی کربلا کی فضا مذہبی جوش و خروش سے معمور ہو چکی ہے۔ اسی تناظر میں مراسمِ زیارت اور عزاداری کی مؤثر میڈیا کوریج کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ اطلاعات و نشریات نے نقابة الصحفيين العراقيين کے زیرِ اہتمام ایک اہم اجلاس میں شرکت کی۔
عراقی جرنلسٹس سنڈیکیٹ/کربلا برانچ کے صدر دفتر میں منعقدہ اس اجلاس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ اطلاعات و نشریات کے سربراہ علی بدری، روضہ مبارک امام حسین(ع) کے میڈیا نمائندوں، مقامی سیکیورٹی اداروں اور کمیونیکیشن اینڈ میڈیا کمیشن کے ایک وفد نے شرکت کی اور عاشوراء کے میڈیا پلان سے متعلق سیکورٹی اور سروس کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں ایام عاشوراء کے دوران میڈیا ٹیموں کو درپیش مسائل جیسے کہ ٹریفک کی بندش، رسائی میں مشکلات، اور سیکیورٹی رکاوٹوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ نقابتِ صحافیان کربلاء کے سربراہ، حسین عبدالأمیر نے بتایا: اس اجلاس کا مقصد عاشوراء کی مؤثر انداز میں کوریج کرنے والے صحافیوں کو درپیش چیلجز کا حل تلاش کرنا ہے، خاص طور پر اُن علاقوں تک رسائی جہاں عزاداری کے اہم اجتماعات ہوتے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر کئی سفارشات پیش کی گئیں، جن میں میڈیا ٹیموں کے لیے مخصوص اجازت ناموں کی فراہمی، سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مشترکہ رابطہ نظام، عزاداری کے مقامات کی نشاندہی پر مبنی نقشہ سازی، موبائل نیٹ ورک اور کوریج سہولیات میں اضافہ شامل ہیں۔
مزید برآں، عبدالأمیر نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایام عاشوراء کے بعد ایک مزید اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں ان تجاویز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا، اور زیارتِ اربعین کی کوریج کے لیے منصوبہ بندی کو بہتر بنایا جائے گا۔