روضہ مبارک میں منعقدہ مجالس میں آج حضرت عباس(ع) کی قربانیوں اور ان کے عاشورائی مواقف کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اندرونی صحنِ مطہر میں عشرۂ محرم کی مجالس عزاء کا انعقاد جاری ہے جبکہ آج کی مجلسِ عزاء میں سانحۂ عاشوراء کے تناظر میں حضرت عباس بن علی(ع) کے جاوداں کردار اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

شُعبۂ خطابت برائے تبلیغِ حسینی کی طرف سے صحن مطہر میں منعقد ہونے والی ان مجالس میں روضہ مبارک کے خدام اور زائرین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔

آج کی مجلس سے شیخ علی موحان نے خطاب کرتے ہوئے حضرت ابو الفضل العباس(ع) کی بے مثال وفا، شجاعت، ایثار اور ظلم کے خلاف ان کے جرات مندانہ کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضرت عباس(ع) کی امام حسین(ع) سے والہانہ وفاداری اور میدانِ کربلا میں ان کی تاریخی ثابت قدمی کا ذکر کیا۔

مجلس کے اختتام پر نوحہ خواں حمید تمیمی نے حضرت عباس(ع) کی شجاعت اور ان کے دل سوز واقعۂ شہادت کو مرثیہ اور نوحہ کی شکل میں بیان کیا۔

واضح رہے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) پورا سال اور خاص طور پر ماہ محرم میں مجالسِ حسینی کے انعقاد کو اپنی دینی و ثقافتی ذمہ داری کا اہم حصہ سمجھتا ہے، تاکہ اہل بیت(ع) کی عظیم قربانیوں، علوم، فضائل اور سیرتِ طیبہ کو زندہ رکھا جا سکے اور نئی نسل تک منتقل کیا جا سکے۔

یہ مجالس ناصرف ایک روحانی تجربہ فراہم کرتی ہیں، بلکہ حسینی پیغامِ حریت و حقانیت کو دنیا بھر میں پھیلانے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: