اس وفد میں روضہ مبارک کے نائب سیکریٹری جنرل عباس موسٰی احمد، مجلسِ ادارہ کے رکن اور تعلیمی و تربیتی امور کے سربراہ ڈاکٹر عباس دده موسوی اور دیگر اہلکار شامل تھے۔
ڈاکٹر موسوی نے اس حوالے سے بتایا کہ: یہ دورہ مشترکہ علمی و تربیتی سرگرمیوں کے انعقاد اور تعلیمی تجربات کے تبادلے کے ذریعے العمید تعلیمی گروپ اور محکمہ تعلیم بابل کے درمیان تعاون کے نئے افق کھولنے اور نظامِ تعلیم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے ہماری کاوشوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران کئی اہم موضوعات زیر بحث آئے، جن میں عمومی تعلیمی معیار کی بہتری، انتظامی و اداری امور کی تکمیل میں تیزی، اور بابل کے تعلیمی اداروں اور العمید سکولز کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے جیسے معاملات شامل تھے۔
محکمہ تعلیم بابل کے مدیر علی راجی ناجی نے اس ملاقات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: یہ ملاقات انتہائی اہم وقت پر ہوئی ہے، جب ہم ایک تعلیمی سال کو خیرباد کہہ کر نئے تعلیمی سال کے آغاز کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس دوران ہم نے ان امور پر گفتگو کی جو ناصرف طلباء بلکہ اساتذہ و معلمین کے لیے بھی نہایت اہم ہیں۔ خاص طور پر طلباء کی شخصیت سازی، ان کے رویّوں کی اصلاح اور منفی اثرات سے ان کی حفاظت جیسے حساس موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا: ہم روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ساتھ تعاون کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور ان کی ان تعلیمی کوششوں کو سراہتے ہیں جو ایک بالغ نظری پر مبنی وژن سے عبارت ہیں اور تعلیمی میدان کی حقیقی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔