شُعبۂ خطابت برائے تبلیغِ حسینی کے زیرِ اہتمام روضہ مبارک کے اندرونی صحن میں عشرۂ محرم کے دوران روزانہ دو اوقات —صبح و شام— مجالس عزاء منعقد ہو رہی ہیں جن میں زائرین کی بڑی تعداد کے علاوہ روضہ مبارک کے خدام اور مختلف شعبوں کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔
صحنِ مرقدِ ابی الفضل العباس(ع) میں شام کے وقت منعقد ہونے والی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے سید ہشام بطاط نے حضرت قاسم بن امام حسن(ع) کی پاکیزہ سیرت، ان کے غیر متزلزل عزم، اسلامی اصولوں سے وابستگی، اور امام حسین(ع) کے ساتھ وفاداری کو مؤثر انداز میں بیان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حضرت قاسم(ع) نے کم عمری کے باوجود جس جرأت و شجاعت کے ساتھ حق کا ساتھ دیا، وہ رہتی دنیا تک ایک روشن مثال ہے۔
سوز و غم اور عقیدت سے لبریز ماحول میں مجلس عزاء کا اختتام نوحہ خوانی اور پرسوز مرثیہ خوانی کے ساتھ ہوا۔