روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا سامراء میں دس محرم کا احیاء اور مراسمِ عاشوراء کی ادائیگی کے لیے وسیع انتظامات

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے ہر سال کی طرح امسال بھی سامراء میں امام حسین(ع) اور ان کے اہل بیت وانصار(ع) کی المناک شہادت کی یاد منانے اور مراسمِ عاشوراء کی ادائیگی کے لیے وسیع انتظامات کیے کہ جن کے ضمن میں روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) میں دس محرم کی صبح پورے واقعہ کربلا کے مختصر بیان اور امام حسین(ع) کے ذکر شہادت کے لیے مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔

(یہ بتاتے چلیں کہ عراق میں دس محرم کے دن پورے واقعہ کربلا کے مختصر بیان اور امام حسین(ع) کے ذکر شہادت کے لیے دو سے تین گھنٹے دورانیہ کی مجلس عزاء منعقد کی جاتی ہے کہ جسے قراءة المقتل الحسينيّ کہا جاتا ہے۔)

عزاداروں کے ساتھ سامراء جانے والے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے وفد کے سربراہ خلیل مہدی ہنون نے اس حوالے سے بتایا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے سامراء میں اس المناک سانحہ کے احیاء کے لیے متعدد عزائی و خدماتی امور سرانجام دیئے کہ جن میں سے اہم ترین روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) میں پورے واقعہ کربلا کے بیان پر مشتمل مجلس کا انعقاد ہے کہ جس میں امام حسین(ع) اور ان کے اہل بیت وانصار(ع) پر ڈھائے جانے مظالم کو بیان کیا گیا۔ اس کے علاوہ بھی وہاں پر مختلف اوقات میں مجالس عزاء اور ماتم داری برپا کی گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مراسمِ عاشوراء کے قیام کے لیے کربلا اور دیگر علاقوں سے سامراء آنے والے عزاداروں کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے 365 گاڑیاں فراہم کیں، اور زائرینِ سامراء کے لیے کھانے پینے کے وسیع انتظامات کیے۔

واضح رہے کہ سامراء میں دس محرم کا احیاء اور مراسمِ عاشوراء کی بھرپور ادائیگی روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی شعائر حسینی کے حوالے سے اولین ترجیحات میں سے ایک ہے تاکہ وہاں امام حسین(ع) اور ان کے اہل بیت و انصار(ع) کی قربانیوں کو یاد کیا جا سکے اور امام مہدی(عج) کو ان کے جدّ امجد کی المناک شہادت کا پرسہ پیش کیا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: