روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے لائبریری اور مخطوطات کے شعبہ نے حال ہی میں "لقمان الحكيم و وصاياه" کے نام سے ایک نئی کتاب شائع کی ہے علامہ شهيد سيد محمد رضا بحر العلوم کی لکھی ہوئی یہ کتاب حضرت لقمان کے نصیحت بھرے اقوال پر مشتمل ہے۔ شہید بحرالعلوم نے اس کتاب میں قرآن اور تاریخی کتابوں میں مذکور حضرت لقمان کے حالات زندگی اور ان کے انمول فرامین کو درج کیا ہے۔
عربی زبان میں لکھی گئی یہ کتاب چھ فصول اور ایک خاتمة پر مشتمل ہے:
پہلی فصل میں حضرت لقمان کے مختصر حالات زندگی اور ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں گفتگو کی گئی ہے۔
دوسری فصل میں قرآن مجید میں مذکور حضرت لقمان کے نصیحتی اقوال کو لکھا گیا ہے۔
تیسری فصل میں حضرت لقمان سے متعلق کچھ موضوعات کو 23 ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے اور ان کے حوالہ جات اور مصادر کو لکھا گیا ہے۔
چوتھی فصل میں اخلاقیات کے بارے میں عمومی گفتگو ہے۔
پانچویں فصل میں حضرت لقمان کی مختلف موضوعات پر کی گئی وصیتیں ہیں۔
چھٹی اور آخری فصل میں حضرت لقمان کے حوالے سے مختلف حکایات اور واقعات درج ہیں اور اسی طرح اس فصل میں حضرت لقمان کے اپنے دوستوں اور دیگر افراد کے ساتھ کئے گئے مناظرات کا بھی ذکر ہیں۔
اس کتاب کے آخر میں خاتمہ کے عنوان سے ایک تتمہ بھی موجود ہے کہ جس میں اللہ تعالیٰ، انبیاء، بادشاہوں اور دانا لوگوں کے وعظ و ننصیحت پر مشتمل اقوال ہیں۔