ان خیالات کا اظہار انہوں نے حال ہی میں قرآن علمی کمپلکس کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، وفد میں کمپلکس کے معاون سربراہ ڈاکٹر علاء، روضہ مبارک امام حسین(ع) کی طرف سے تلاوت قرآن کے مقابلے میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے قراء، عراقیہ ٹی وی چینل کی طرف سے "اذان" کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری ومؤذن اور دیگر شامل تھے۔
علامہ صافی نے کہا: جو فرد بھی قرآنِ کریم کے راستے پر گامزن ہوتا ہے، وہ ناگزیر طور پر اس سے متاثر ہوتا ہے، اور نتیجتاً اس کی زندگی میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔ احادیث میں آیا ہے کہ انسان کے اعمال کے حقیقی اثرات ہوتے ہیں، جن میں قرآن کی تلاوت، اس کی تعلیم، اس کا فہم اور اس سے قربت شامل ہیں۔
انہوں نے قرآنِ مجید کی خدمت اور قرآنی ثقافت کے فروغ میں ان نوجوان قراء کی کاوشوں کو سراہا، بالخصوص معاشرے اور نوجوان نسل کے درمیان قرآن فہمی کے رجحان کو اجاگر کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کاوشیں ایک باشعور، قرآنی افکار سے مزین نسل کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔