روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیر اہتمام اربعین کے حوالے سے پانچویں میڈیکل فورم کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیر اہتمام اربعین امام حسین(ع) کی تیاریوں کے سلسلے میں پانچواں سالانہ طبی فورم منعقد ہوا، کہ جس میں روضہ مبارک کے دفتر متولی شرعی کے مدیر اور شعبۂ امورِ طب کے نگران جواد حسناوی، روضہ مبارک کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اور عراق بھر میں موجود صحت سے متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز قاری عمار حلی نے تلاوتِ قرآن مجید سے کیا، جس کے بعد کربلا میں محکمہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر صباح موسوی اور روضہ مبارک میں شعبۂ امورِ طب کی سربراہ ڈاکٹر ہیفاء تمیمی نے شرکاء سے خطاب کیا۔

ڈاکٹر ہیفاء تمیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی انتظامیہ نے طبّی شعبے کو ہمیشہ غیر معمولی اہمیت دی ہے، اور شعبۂ طبی امور کی ضیافت میں موجودہ اجلاس کا مقصد عراق کے مختلف صوبوں کے صحت سے متعلقہ اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا، طبی و صحتی عملے کی دستیابی کو یقینی بنانا اور باہمی تعاون و ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ اربعین کے موقع پر زائرین کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شعبۂ امورِ طب کا اس حوالے سے 60 فیصد انحصار محکمہ صحت سے وابستہ رضاکاروں پر ہے، جن میں ماہر ڈاکٹر، طبی معاونین، نرسنگ اسٹاف اور پیرامیڈیکل ٹیمیں شامل ہیں۔

ڈاکٹر التمیمی کے مطابق، "اس سال زیارتِ اربعین کے موقع پر دو بڑے چیلنجز درپیش ہیں: شدید گرمی کی لہر اور زائرین کی ریکارڈ تعداد، تاہم ہمارا طبی شعبہ ان حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور زائرین کو اعلیٰ ترین خدمات مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر محکمہ صحت بغداد/رصافہ میں مرکزِ طب اجتماعات (Mass Gathering Medicine) کے سربراہ ڈاکٹر امیر صباح نے کہا کہ ان کا ادارہ مسلسل تیرہ برس سے روضہ مبارکہ کے ساتھ مل کر اربعین کے زائرین کو متنوع طبّی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت رصافہ کی 125 سے زائد افراد پر مشتمل طبی ٹیم اس خدمت میں شامل ہو گی کہ جن میں فزیشنز، سرجنز، لیڈی ڈاکٹرز، چائلڈ سپیشلسٹز، نرسنگ عملہ، فزیوتھراپسٹ، ڈینٹسٹ، لیبارٹری ٹیکنیشنز اور دیگر ماہرین شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں روضہ مبارک کے شعبۂ طب کی سال بھر کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: