جرمن ایجنسی برائے بین الاقوامی تعاون (GIZ) کے وفد نے حال ہی میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ فکری و ثقافتی امور سے وابستہ "عراقی مرکز برائے توثیق جرائمِ انتہاپسندی" کا وزٹ کیا تاکہ عراق میں انتہاپسندی کے جرائم کی دستاویز سازی اور تحقیق میں تعاون و شراکت کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جا سکے۔
مرکز کے انچارج ڈاکٹر عباس قریشی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور ادارے کی اہم سرگرمیوں اور منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ ملاقات میں مرکز کے شعبۂ تحقیق و مطالعہ کے انچارج ڈاکٹر قیس ناصر اور دیگر محققین بھی موجود تھے۔
GIZ مشن کے سربراہ، ایکسل کلافیک اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد نے مرکز کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی ایجنسی عراق میں انسانی حقوق اور انسدادِ انتہاپسندی کے میدان میں سرگرم اداروں کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون اور محققین کی تربیت جیسے منصوبوں میں شراکت کی خواہاں ہے۔
دوران ملاقات جرمن وفد نے مرکز کے محققین کو GIZ کی سرگرمیوں اور عراق میں اس کی موجودہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اور مرکز کی جانب سے انجام دی گئی دستاویزی کاوشوں اور ان کی شفاف اور مؤثر تحقیقاتی روش کو بہت سراہا۔
دریں اثنا، مشن کے سربراہ کلافیک نے جرمن ایجنسی کے عراق میں جاری اہم منصوبوں پر ایک مختصر تعارفی پریزنٹیشن بھی پیش کی اور قومی اداروں کے ساتھ تعاون کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا، بالخصوص ان اداروں کے ساتھ جو انتہاپسندی کے خلاف مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔
دونوں فریقین نے تکنیکی و علمی تجربات کے تبادلے، عدالتی انصاف اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے شراکت داری کے قیام پر زور دیا، تاکہ عراق میں دیرپا امن اور احتساب کی ثقافت کو مستحکم کیا جا سکے۔