روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے، رأس البیشہ سے اربعین مارچ کی کوریج کا آغاز کر دیا ہے

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ اطلاعات ونشریات نے عراق کے جنوب میں واقع خشکی کے آخری حصہ "رأس البیشہ" سے اربعین مارچ کی کوریج کا آغاز کر دیا ہے، صوبہ بصرہ کا یہ وہ علاقہ ہے کہ جہاں سے چہلم امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے اربعین مارچ شروع ہوتا ہے، امام حسین(ع) کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد یہاں سے کربلا کی جانب پیدل سفر کا آغاز کرتی ہے اور جیسے جیسے یہ قافلہ آگے بڑھتا جاتا ہے راستے میں آنے والے علاقوں کے مومنین بھی اس میں شامل ہوتے جاتے ہیں اور جلد یہ ملینز مارچ کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔

اس مبارک اور روح پرور مارچ کی لمحہ با لمحہ کوریج کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا عملہ "رأس البیشہ" سے کربلا تک زائرینِ اربعین کے اس منفرد قافلے کے ساتھ رہتا ہے تاکہ انسانیت کے محسن امام حسین(ع) کی یاد میں نکلنے والے اس عالمی جلوس و رسمِ عزاء کو پوری دنیا تک پہنچایا جا سکے۔

شعبے سے وابستہ ٹیمیں بصرہ سے کربلا تک کے پورے راستے میں زائرین کے اس روحانی سفر کو مسلسل دستاویزی شکل میں محفوظ کر کے عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرتی ہیں۔

یہ جامع کوریج مختلف الانواع صحافتی و تکنیکی جہتوں پر مشتمل ہے کہ جس میں بصری اور تصویری رپورٹنگ، خبری مواد کی تیاری، براہِ راست نشریات، مجالسِ عزاء، اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات شامل ہیں۔ اس سارے مواد کو اعلیٰ فنی اور پیشہ ورانہ معیار کے مطابق ترتیب دیا جاتا ہے، تاکہ اربعین کے اس حسینی منظر نامے کو دنیا کے کونے کونے میں نشر کیا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: