ہر سال امام زین العابدین(ع) کے یوم شہادت کے احیاء کے لیے صوبہ بابل کے مواکبِ عزاء کربلا میں ماتمی جلوس برآمد کرتے ہیں اور روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں امام(ع) کی المناک شہادت کا پرسہ پیش کرتے ہیں۔
صوبہ بابل کے مختلف علاقوں اور اس کے مرکزی شہر حلہ کے مواکب پر مشتمل یہ جلوس عزاء اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں پہنچا اور وہاں پرسہ پیش کرنے کے بعد ما بین الحرمین سے ہوتا ہوا روضہ مبارک امام حسین(ع) میں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ اس جلوس کی برآمدگی کے حوالے سے اہل بابل کو روضہ مبارک کے شعبۂ شعائر و حسینی مواکب کا انتظامی و لوجسٹک تعاون حاصل رہا۔
واضح رہے بابل کربلا سے متصلہ قریبی ترین علاقہ ہے اور اہل بابل ایام اربعین کے دوران کربلا آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے خود کو وقف کر دیتے ہیں اور اربعین کے احیاء کے لیے کربلا میں ہونے والے مراسم عزاداری میں شرکت نہیں کر پاتے لہذا اربعین کے مراسم شروع ہونے اور زائرین کے کربلا کی جانب پیدل سفر شروع کرنے سے پہلے اہل بابل کی اکثریت امام سجاد(ع) کے یوم شہادت کے موقع پر کربلا آتی ہے اور اس المناک شہادت کا پرسہ پیش کرنے کے لیے روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں حاضری دیتی ہے اور شرف زیارت حاصل کرتی ہے۔