اردو زبان بولنے والوں کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے آن لائن دینی کورس کا اہتمام اور 17ممالک سے 2048 طلباء کی شرکت
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اردو زبان بولنے والوں کے لیے اپنے ساتویں سالانہ آن لائن دینی کورس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس میں 17ممالک سے تعلق رکھنے والے 2048 طلباء و طالبات شریک ہیں۔
اس کورس کا اہتمام وانتظام روضہ مبارک کے شعبۂ فکری وثقافتی امور کے ذیلی ادارے تراث الأنبیاء انسٹی ٹیوٹ برائے آن لائن حوزوی تعلیم (اردو برانچ) کی جانب سے کیا گیا ہے۔
پاکستان میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نمائندے شیخ ناصر عباس نجفی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ: 15 جولائی سے شروع ہونے والے اس کورس کی کلاسز 14 اگست تک جاری رہیں گی۔ اس میں شرکت کرنے والے 2048 طلباء و طالبات کا تعلق پاکستان، بھارت، ایران، عراق، قطر، کوریا، جرمنی، امارات، برطانیہ، آسٹریلیا، ملیشیا، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، بیلجیم، بنگلہ دیش، اٹلی اور دیگر ممالک سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا: یہ کورس روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اس فکری و تبلیغی منصوبے کا تسلسل ہے، جس کا مقصد علومِ اہل بیت(ع) کی نشر واشاعت اور حوزوی تعلیم کے حصول کی خواہش رکھنے والوں کو انہی کی مادری زبان میں اس آن لائن پلیٹ فارم پر تعلیم کا مناسب ماحول فراہم کرنا ہے کہ جہاں دینی اصالت اور جدید تعلیمی تقاضوں کو یکجا کیا گیا ہے۔ اس کورس میں حوزہ علمیہ کے ماہر اساتذہ طلاب اور طالبات کو عقائد اور فقہ جیسے اہم مضامین پڑھائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تراث الأنبیاءؑ انسٹی ٹیوٹ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نمایاں ترین آن لائن علمی منصوبوں میں سے ایک ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں دینی علوم کے طلباء کے لیے مضبوط علمی بنیاد فراہم کرنا ہے۔ اس ادارے کی تعلیمی خدمات مختلف زبانوں میں دستیاب ہیں، اور اس کے کورسز دنیا بھر میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔