روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی انتظامیہ نجف کربلا روڈ پر واقع ابو الفضل العباس (ع) کمپلیکس میں زائرینِ اربعین کے استقبال اور ان کی خدمت کے لیےاپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے انجینئرنگ پروجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ انجینئر ضیاء صائغ نے بتایا کہ اس کمپلکس کی مینٹینس اور ترتیب و تزیین روضہ مبارک کی طرف سے زائرینِ اربعین کے استقبال کی تیاریوں کا ایک حصہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس وقت کمپلکس کے فرنٹ کی تغلیف، 2000 مربع میٹر پر مشتمل ایک جدید مرکزی باورچی خانہ کے قیام اور بجلی کے لیے چار جنریٹرز کی تنصیب کا کام جاری ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ روضہ مبارک کمپلکس میں شمسی توانائی کے نظام کو بھی نصب کر رہا ہے تاکہ توانائی کے وسائل کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ پانی کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 900 مکعب میٹر کے نئے ٹینک لگائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 40000 مربع میٹر رقبہ پر محیط ابو الفضل العباس(ع) کمپلکس روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی اہم خدماتی سائٹس میں سے ایک ہے کہ جس میں زائرین کو محفوظ و آرام دہ ماحول اور بہتر ین خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔