شعبۂ شعائر کی طرف سے مراسمِ اربعین میں شرکت کرنے والے مواکب کے لیے قانونی کفالت نامے جاری کیے جا رہے ہیں

شعبہ برائے حسینی شعائر اور مواکب وہیئات، کربلا کے سیکورٹی اداروں کے تعاون سے مراسمِ زیارتِ اربعین میں شرکت کرنے والے عزائی اور خدماتی مواکب کے لیے قانونی کفالت ناموں اور اجازت ناموں کا اصدار جاری رکھے ہوئے ہے۔

مذکورہ بالا شعبہ کے میدانی معاون سربراہ قاسم محمد طرفی نے اس حوالے سے بتایا: کربلا میں سیکورٹی حکام کے تعاون سے شعبۂ شعائر مراسمِ اربعین میں شرکت کرنے والے ماتمی اور خدماتی مواکب کو بلاتعطل قانونی کفالت نامے اور خصوصی آئی ڈی کارڈ جاری کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ: گزشتہ برس کربلا میں مراسم زیارتِ اربعین میں تقریباً 13500 مواکب نے شرکت کی تھی، اور ہمیں اس سال ان کی تعداد میں نمایاں اضافہ کی توقع ہے۔

قاسم طرفی نے واضح کیا کہ: جو مواکب کربلا میں داخلے کی خواہش رکھتے ہیں، اُن کے لیے لازم ہے کہ وہ کربلا پولیس کی تصدیق شدہ تحریری ضمانتیں، اور شعبہ شعائر کی طرف سے جاری کردہ اصل کارڈ کے ساتھ داخل ہوں، تاکہ شہر میں داخلہ اور انتظامات باقاعدہ اور منظم انداز سے انجام پائیں۔

مزید برآں، طبی خدمات فراہم کرنے والے مواکب سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ: روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اس حوالے سے وزارتِ صحت کے ساتھ مل کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی طبی موکب کو اس وقت تک شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی، جب تک کہ وہ کربلا کی مقامی حکومت اور وزارتِ صحت کی آپریشنز برانچ سے تمام مطلوبہ رسمی منظوریوں کے ساتھ رجوع نہ کرے۔ یہ فیصلہ وزارت کی جانب سے جاری کردہ ضوابط اور رہنما اصولوں کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: