روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ ابلاغ ونشریات نے مسلسل دوسرے سال اربعین آرٹ فیسٹیول میں اپنی دستاویزی فلم "رحيق مختوم" کے ذریعے پہلی پوزيشن حاصل کی۔
اس موقع پر روضہ مبارک کے دفتر متولی شرعی کے مدیر جواد حسناوی نے کہا: روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی ہدایات کے مطابق، روضہ مبارک کی انتظامیہ دینی شعائر، اور بالخصوص زیارتِ اربعین جیسے عظیم مذہبی مراسم کو محفوظ کرنے اور اس کی دستاویز بندی کو خاص اہمیت دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن واقعات کو فلمی انداز میں محفوظ کیا گیا، ان میں سب سے نمایاں خادمِ امام حسین(ع) الحاج کاظم کی کہانی ہے، کہ جو ظالم بعثی حکومت کے دور میں زائرین کو پانی پلاتے تھے۔
فلم کے ہدایتکار صلاح مہدی جاسمی نے بتایا کہ میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے متعدد دستاویزی فلمیں تیار کیں، جن میں "رحيق مختوم" بھی شامل ہے اس فلم نے مسلسل دوسرے برس بھی اربعین آرٹ فیسٹیول میں دسیوں فلم سازوں کی طرف سے پیش کی گئی فلموں پر سبقت لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس فلم میں الحاج کاظم کی زندگی اور خدمت کو اجاگر کیا گیا ہے، جو سابق بعثی حکومت کی پابندیوں کے باوجود زائرین کو پانی فراہم کرتے رہے اور اس کی بدولت یہ سادہ سے انسان زائرینِ اربعین کے درمیان عطا اور ایثار و خدمت کی علامت بن گئے۔ ان کی کہانی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر مقبول ہوئی۔
جاسمی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا، جس جگہ الحاج کاظم زائرین کو پانی پلایا کرتے تھے وہاں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے پانی کی سبیل اور جدید ترین واٹر پلانٹ لگایا ہے۔