اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے یونیسکو نے جامعہ الکفیل کو مصنوعی ذہانت، پائیدار ترقی اور معیاری تعلیم کے شعبوں میں اپنے اسٹریٹجک شراکت داروں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
یہ اندراج و شمولیت جامعہ الکفیل کی جانب سے علمی اور انتظامی میدانوں میں کی جانے والی ان کاوشوں کا اعتراف ہے، جن کا مقصد عالمی سطح پر اپنی مؤثر موجودگی کو یقینی بنانا اور تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی پیش رفت سے ہم آہنگ ہونا ہے۔
یونیسکو کے جاپانی حکومت کی معاونت سے قائم علاقائی دفتر کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے تربیتی پروگراموں اور عالمی اجلاسوں میں جامعہ الکفیل کی نمائندگی کے لیے جامعہ کے سربراہ ڈاکٹر نورس محمد دہان اور انجینئرنگ فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر علی جاسم عامری کو باضابطہ طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر دہان نے اس بین الاقوامی اعتراف کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ: جامعہ الکفیل کی یونیسکو کے شراکت دار نیٹ ورک میں شمولیت معیاری تعلیم کے فروغ اور تحقیق کے میدان میں اس کے عزم اور اقوامِ عالم کے ساتھ مل کر پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھرپور شرکت کی عکاس ہے۔
جامعہ الکفیل کو یونیسکو کے ایک کلیدی عالمی پروگرام (Greening Education Partnership) میں بھی باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے، جس کا مقصد تعلیمی اداروں میں ماحولیاتی شعور، موسمیاتی مطابقت اور پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔
یقینی طور پر یہ اعزاز جامعہ الکفیل کی تعلیمی پیش رفت کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جو اس کے اساتذہ، طلباء اور تمام وابستگان کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کی کاوشوں نے ناصرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی منظرنامے پر بھی جامعہ کا ایک مؤثر اور مثبت تعلیمی و سائنسی کردار قائم کیا ہے۔