روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اربعین کے موقع پر آنے والے زائرین اور ان کی خدمت کے لیے لگائے جانے والے مواکب کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے بوتلوں اور گلاسز میں پیک پانی کے ڈبوں کو مختلف مقامات پر ذخیرہ کیا جا رہا ہے، جن میں باب قبلہ سٹریٹ اور علقمی سٹریٹ قابلِ ذکر ہیں۔
یہ اقدام اربعین کے موقع پر کربلا آنے والے جمع غفیر کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے، تاکہ اس دوران زائرین اور مواکب کے لیے وافر مقدار میں پانی کی دستیابی کو ممکن بنایا جا سکے۔
پینے کے پانی کی یہ بڑی مقدار روضہ مبارک کی الکفیل فوڈ انڈسٹریز کمپنی سے منسلک "الکفیل واٹر فیکٹری" میں تیار کی جا رہی ہے، یہ فیکٹری یومیہ مختلف سائز کی بوتلوں اور ڈسپوزیبل گلاسوں میں پیک شدہ پانی کے ہزاروں ڈبے تیار کر رہی ہے، تاکہ زیارتِ اربعین کے دوران پانی کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے۔