روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے شعبۂ تعلیم و تربیت کی علمی و انتظامی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
شعبۂ تعلیم و تربیت کی جانب سے منعقدہ "موسم القيادة المدرسيّة الأوّل" پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صافی نے مذکورہ بالا شعبہ کی جدوجہد کو سراہا اور العمید تعلیمی گروپ سے وابستہ مختلف انتظامی اراکین کو مختلف امور کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔
اپنے بصیرت افروز خطاب میں علامہ صافی نے تعلیم و تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ہمہ جہت اور بصیرت آمیز عمل ہے، جو معاشرے کی فکری و اخلاقی تشکیل میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ شعبۂ تعلیم و تربیت ناصرف تدریسی بلکہ انتظامی میدان میں بھی قابلِ تحسین جدوجہد کر رہا ہے، اور یہ شعبہ اپنی صلاحیتوں کو منفی رجحانات کے تدارک اور ادبی اقدار کے فروغ کے لیے بخوبی بروئے کار لا رہا ہے۔
انھوں نے خاص طور پر انتظامی امور کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا میں فیصلہ سازی اور عملی نفاذ انہی انتظامی ڈھانچوں کے مرہونِ منت ہے، لہٰذا ان امور کی فنی مہارت اور حکمت کے ساتھ انجام دہی ناگزیر ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے شرکاء کو براہِ راست مخاطب کیا اور فرمایا:
"یہ کلمات آپ حضرات کے لیے خاص طور پر ہیں، ہم آپ سے بڑی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ شعبے کا بھرپور ساتھ دیں اور وقت کو مؤثر انداز میں استعمال میں لائیں۔"
اپنے خطاب کے اختتام پر علامہ سیّد صافی نے کہا:شعبۂ تعلیم و تربیت کا وزٹ ہمیشہ میرے لیے خوشی اور طمانیت کا باعث بنتا ہے، کیونکہ یہاں میں کام میں سنجیدگی، نیت میں صداقت اور اس بابرکت تعلیمی منصوبے کی خدمت میں خلوص کا مشاہدہ کرتا ہوں۔