روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ مذہبی امور کی جانب سے اربعینِ امام حسین علیہ السلام کے موقع پر زائرین کی شرعی و عقائدی رہنمائی کے لیے متعدد فیلڈ ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں، جو راستے میں زائرین کے سوالات کے جوابات دینے اور تبلیغی خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔
اس منصوبے سے وابستہ مبلغ شیخ عبد الحسن العردی نے کہا، "شعبہ مذہبی امور نے حوزہ علمیہ نجف اشرف کے شعبہ فکری امور کے تعاون سے، مختلف مذہبی اور عقائدی مسائل پر زائرین کے استفسارات کے جوابات دینے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف دینی احکام کو عام کرنے میں مددگار ہے بلکہ خاص طور پر نوجوان طبقے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کو دور کرنے میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ شعبے کے اُس بنیادی مشن کا حصہ ہے، جس کا مقصد زائرین میں دینی شعور کو فروغ دینا اور عقائد کی درست تفہیم کو عام کرنا ہے، خاص طور پر جب قرآنی آیات اور اعتقادی موضوعات پر سوالات اور مباحثوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
شعبہ مذہبی امور ہر سال اربعین کے موقع پر ایک جامع شرعی و آگاہی مہم کا آغاز کرتا ہے، جس میں فکری و ثقافتی لیکچرز، سیمینارز ، عقائدی نشستیں، ڈائیلاگ سیشنز، رہنمائی پر مبنی کتابچوں کی تقسیم اور امام حسین اور حضرت ابوالفضل العباس (علیہما السلام) کے روضہ مبارک کی جانب جانے والے راستوں میں قائم استفتاء مراکز شامل ہوتے ہیں۔





