نجف اشرف میں موجود سپریم دینی رہنما آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف جہاد کفائی کا فتویٰ سامنے آنے کے بعد حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے حرم نے جنگ میں زخمی ہونے والوں اور شہید ہونے والے رضاکاروں کے لواحقین کی مالی و معنوی امداد کا سلسلہ شروع کر دیا تھا تاکہ اس کے ذریعے وطن اور حرموں کے دفاع کا مقدس فریضہ سرانجام دینے والے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا جا سکے اور انھیں ان کی قربانیوں پہ خراج تحسین پیش کیا جائے۔ دونوں حرم اب تک کروڑوں ڈالر اس سلسلہ میں تقسیم کر چکے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے دینی امور کے سیکشن کے سربراہ اور اس امدادی پروگرام کے انچارج علامہ شیخ صلاح خفاجی نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ ہمارے سیکشن کے افراد ایک طرف تو محاذ جنگ پہ سیکیورٹی فورسز اور رضاکاروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی اور ہمت بڑھانےکے لئے محاذ جنگ پہ ہی مختلف پروگراموں کا انعقاد کر رہے ہیں اور دوسری طرف دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی اور معنوی مدد بھی کر رہے ہیں۔
علامہ خفاجی نے بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے ہر شہید کے خاندان کو ماہانہ امداد کے علاوہ تقریبا ایک ملیون عراقی دینار دیا جا رہا ہے اور اب تک تقریبا ہزاروں شھداء کے خاندانوں کو امداد فراہم کی گئی ہے۔
علامہ خفاجی نے اپنی گفتگو کے دوران مزید اس سلسلہ میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیکشن کے افراد اس جنگ میں زخمی ہونے والے رضاکاروں کی عیادت کے لئے بھی جاتے رہتے ہیں اور ان کی بھی مالی مدد کرتے ہیں۔