اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمٰی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلّه الوارف) کے مرکزی دفتر کی جانب سے اُن تمام افراد کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا گیا ہے جنہوں نے اُن کی اہلیہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔
دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ہم اُن تمام معزّز افراد کا بہت زیادہ شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اعلی دینی قیادت (دام ظلّه) اور اُن کے اہلِ خانہ کے اس عظیم صدمے کے موقع پر خلوصِ دل سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، بالخصوص وہ احباب جو مختلف صوبوں سے یا بیرونِ ملک سے جنازے میں شرکت یا مجلسِ ترحیم میں حاضر ہونے کے لیے آئے، نیز وہ تمام افراد جنہوں نے خطوط، پیغامات یا ذرائع ابلاغ کے ذریعے اظہارِ تعزیت کیا۔
ہم خاص طور پر جلیل القدر مراجعِ عظام، ممتاز علماء کرام، ملکی اور غیر ملکی علمی مراکز اور حوزات علمیہ کے طلباء، شرفا و معزز قبائلی عمائدین، سرکاری و عوامی اداروں کے نمائندگان، دینی و عوامی تنظیمات، تمام محبت کرنے والے شہریوں اور احباب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اخلاص و محبت سے تعزیت پیش کی اور دکھ کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ سب کو ہر قسم کی آفت و مصیبت سے محفوظ رکھے، کسی کو اپنے پیاروں کا دکھ نہ دکھائے، اور مرحومہ محترمہ کو اپنی بے پایاں رحمت اور رضا کے سائے میں جگہ دے، اور اُنھیں رسولِ خدا(ص) اور اُن کے اہلِ بیتِ طاہرین(ع) کے ساتھ محشور فرمائے۔
(8/ربیع الثانی/1447ھ) بمطابق (1-10-2025ء)
دفتر سید سیستانی (دام ظلہ) - نجف اشرف۔
