الکفیل یونیورسٹی کے مركزُ التعليم المستمرّ کی جانب سے "علمی و انتظامی امور میں معیار و کارکردگی کے بنیادی اصول" کے عنوان سے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔
یہ ورکشاپ کوالٹی ایشورنس اینڈ یونیورسٹی پرفارمنس ایویلیوایشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصاحب الشریفی نے پیش کی، جس میں تدریسی و انتظامی عملے کے متعدد ارکان نے شرکت کی۔
ورکشاپ میں وزارتِ اعلیٰ تعلیم و علمی تحقیق کے اداروں کے تمام شعبہ جات میں معیار کے اصولوں کو اپنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے ساتھ علمی و انتظامی اہلیت کے تعین کے طریقۂ کار اور ان دونوں کے مابین امتیاز کو واضح کیا گیا، نیز اساتذہ و ملازمین کے اُس کردار پر بھی بحث کی گئی جو ادارہ جاتی استحکام، تعلیمی پروگراموں کی ترقی اور اعلیٰ معیار کے حصول میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
ورکشاپ میں اُن ماڈلزاور عملی تطبیقات کا جائزہ بھی لیا گیا جنہوں نے الکفیل یونیورسٹی کو ممتاز عالمی درجہ بندیوں میں شامل کرنے میں کردار ادا کیا۔ اس کے ساتھ کارکردگی کے جائزے اور خود احتسابی کے طریقۂ کار کو واضح کیا گیا، نیز جامع معیارات کے تحت سالانہ کارکردگی میں بہترین نتائج کے حصول کے لیے انفرادی صلاحیتوں کی ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
ورکشاپ کا اختتام متعدد سفارشات پر ہوا جن میں علمی و انتظامی ماحول میں پائیدار معیار کی ثقافت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جو یونیورسٹی کی ساکھ اور علمی وقار میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔


