الکفیل میوزیم میں محفوظ نایاب اور قیمتی کاشانی قالین نفاست و خوبصورتی کا حسین امتزاج ہے۔

روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے الکفیل میوزیم میں ایک نایاب اور قیمتی کاشان قالین محفوظ ہے، جو آٹھ دہائیوں پرانا ہے اور نفاست و خوبصورتی کا حسین امتزاج ہے۔

یہ قالین اسلامی ٹیکسٹائل کے نایاب ترین نمونوں میں سے ایک ہے اور اپنی فنی باریکی، دلکش ڈیزائن اور اعلیٰ معیارِ کے سبب ایرانی قالین بافی کا شاہکار تصور کیا جاتا ہے۔

قالین کے ڈیزائن اور رنگوں کے امتزاج میں فنکارانہ باریکی نمایاں ہے۔ اس پر بنے پھولوں اور جانوروں کے ہم آہنگ نقش و نگار کاریگروں کی غیر معمولی مہارت اور جمالیاتی حس کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس کے گرد تین حصوں پر مشتمل ایک خوبصورت بارڈر بنایا گیا ہے، جس کے ہر حصے میں تدریجاً مزید تزئین کی گئی ہے، یہ طرزِ آرائش کلاسیکی کاشانی انداز کی پہچان ہے۔

قالین کے رنگوں میں بھورا، سبز، آسمانی نیلا اور سرخ نمایاں ہیں، جو اس کے جمالیاتی حسن کو مزید نکھارتے ہیں۔ اس پر ۱۳۶۴ ہجری کی تاریخی وقف کی تحریر درج ہے، جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ قالین روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے لیے وقف کیا گیا تھا، یوں یہ نہ صرف ایک فنی شاہکار بلکہ ایک روحانی و تاریخی امانت بھی ہے۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام اسلامی ورثے کے تحفظ اور اس کے نادر و بیش قیمت آثار کی دیکھ بھال اور انھیں دستاویزی شکل دینے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ فن پاروں، مخطوطات اور نوادرات کی حفاظت جدید میوزیولوجیکل اصولوں کے مطابق کی جاتی ہے، تاکہ اسلامی تہذیب و فنون کی ثقافتی و جمالیاتی گہرائی کو اجاگر کیا جا سکے اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: