روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ برائے فکری و ثقافتی امور کے زیرِ اہتمام جاری عراقی ڈیجیٹل ذخیرہ برائے جامعاتی و تحقیقی مقالات نے محض پانچ برسوں کے اندر ایک لاکھ باون ہزار سے زائد تھیسز اور تحقیقی مقالے محفوظ کر کے ایک وسیع قومی علمی ڈیٹا بیس کی شکل اختیار کر لی ہے۔
ڈیجیٹل انفارمیشن سینٹر کے معاون مدیر صالح حسناوی نے بتایا ہے کہ عراقی ڈیجیٹل ذخیرہ دراصل عراقی یونیورسٹیوں کی علمی سرگرمیوں کا مستند اشاریہ ہے۔ یہ منصوبہ 2019ء میں شروع ہوا، اور گزشتہ پانچ برسوں میں اب تک 1,52,000 سے زیادہ تھیسز اور تحقیقی مقالے جمع اور محفوظ کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کا خیال ڈیجیٹل انفارمیشن سینٹر کی جانب سے کیے گئے ایک جامع مطالعہ کے بعد آیا، جس کا مقصد ایک ایسی ویب سائٹ بنانا ہے، جو ملک میں اعلیٰ تعلیم کے آغاز سے لے کر اب تک تمام جامعات میں پیش کیے گئے مقالہ جات و تحقیقی کام کو ایک جگہ جمع کرے، تاکہ اس علمی ورثے تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے اور علمی و تحقیقی معلومات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا جا سکے۔
حسناوی کے مطابق: ڈیجیٹل ذخیرہ جدید تحقیقی سہولیات سے مزین ہے اور متعدد انٹرفیسز کے ذریعے تلاش اور مطالعے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ بالخصوص مرکزی سرچ انٹرفیس کے ذریعے صارفین عنوان، محقق کے نام، جامعہ، علمی شعبے، موضوع یا کلیہ کی بنیاد پر مواد تلاش کر سکتے ہیں، جب کہ فہرستوں کو جامعہ، سن اشاعت یا علمی درجے کے لحاظ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
