سلطنت عمان کی فارغ التحصیل طالبہ اعتدال درویش نے کہا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے نویں سالانہ "بنات الکفیل گریجویشن تقریب" میں شرکت کرنے والی طالبات کا استقبال، خدمت کے خالص جذبے اور مہمان نوازی کی اصل روح کی جیتی جاگتی مثال تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اختتامی تقریب کے دوران اپنی تقریر میں کیا، جو دفترِ متولیِ شرعی برائے امور نسواں، کے شعبہ الکفیل دینی مدارس برائے خواتین کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی۔ تقریب میں پانچ ہزار سے زائد طالبات نے شرکت کی، جو مختلف عراقی صوبوں اور کئی اسلامی ممالک سے آئی تھیں۔
درویش نے کہا: ہم اپنے دل کی گہرائیوں سے اور تمام عربی و اسلامی وفود کی جانب سے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس شاندار تقریب کی میزبانی کی، اور الکفیل دینی مدارس برائے خواتین کو بھی اس کی کامیاب تنظیم پر سراہتے ہیں۔ اس نے واقعی ایک یادگار موقع فراہم کیا، جو عطاء، ایمان اور پیغام سے لبریز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں استقبال سے ہی خدمت کے خالص جذبے اور مہمان نوازی کی روح محسوس ہوئی، جس نے ہمارے دلوں کو گرمی اور محبت سے بھر دیا۔ ساتھ ہی، روضہ مبارک کی ٹیم نے یقینی بنایا کہ یہ تقریب نورانی اقدار کی عکاس ہو، جو الکفیل دینی مدارس برائے خواتین اپنی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں میں عملی طور پر ظاہر کرتی ہیں۔
درویش نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ تقریب محض فارغ التحصیلی کا موقع نہیں، بلکہ روحانی اور تربیتی جشن بھی ہے جو ہمیں حضرت ابو الفضل العباس(ع) کی روشنی میں متحد کرتا ہے، اور ان کی اعلی اقدار یعنی عزت، ایثار، وفاداری اور محبت کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نویں سالانہ "بنات الکفیل گریجویشن تقریب" ایک مهدوی منصوبہ بھی ہے، جس میں علم و دین کی حامل عورت، محنتی اور بصیرت سے سرشار خاتون کو پیش کیا جاتا ہے، جو حضرت فاطمہ الزہراء(ع) اور حضرت زینب کبری(ع) کے طرزِ عمل پر عمل کرتی ہے اور نورانی اقدار کو معاشرے میں پھیلانے کا ذریعہ بنتی ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) ہر سال یہ تقریب منعقد کرتا ہے تاکہ فارغ التحصیل طالبات کو معنوی اور اخلاقی حوصلہ فراہم کیا جا سکے، ان کے تعلیمی سفر کا اختتام اور عملی زندگی کا آغاز یادگار اور بابرکت بنایا جا سکے، اور یہ سب کچھ حرمِ حضرت ابو الفضل العباس(ع) کی پرنور فضا میں انجام پاتا ہے۔
















