صوبہ بصرہ عراق کے جنوب میں واقع ہے۔ اس صوبہ میں (7) بڑے شہر ہیں جنھیں عراق میں أقضية کہا جاتا ہے. ان سات شہروں کے ساتھ ساتھ (17) چھوٹے نواحی شہر ہیں جنھیں عراق میں ناحية کہا جاتا ہے. صوبہ بصرہ کی آبادی: تقریبًا پچاس لاکھ افراد پر مشتمل ہے. صوبہ بصرہ کا رقبہ: (19.070 مربع كلو میٹر) ہے. اس لحاظ سے صوبہ بصرہ عراق کا سب سے زیادہ گنجان آبادی والا دوسرا صوبہ ہے. اس اعداد و شمار کے بتانے کا مقصد یہ ہے کہ زیادہ آبادی، کم رقبہ، امن و امان کی بہتر صورتحال اور تجارتی شہر ہونے کی وجہ سے پورے صوبہ بصرہ اور خاص طور پر بصرہ شہر کے سڑکیں، بازار اور مارکیٹز دن رات لوگوں اور گاڑیوں سے ہمیشہ بھری رہتی ہیں۔
لیکن ان دنوں میں پورا بصرہ خالی نظر آ رہا ہے جن سڑکوں پہ ہر روز گاڑیوں کے رش کی وجہ سے ٹریفک جام ہو جاتی تھی وہاں اب قسمت سے ہی کوئی اِکّا دُکّا گاڑی نظر آ رہی ہے، بازار اور مارکیٹز سنسان پڑی ہیں اکثر گھروں کو تالے لگے ہوئے ہیں.....
آپ پوچھیں گے پچاس لاکھ بصری کہاں چلے گئے ہیں؟؟؟؟
تو اس کا جواب یہ ہے کہ اہل بصرہ اربعین امام حسین(ع) کے موقع پر پوری دنیا سے زائرین کے کربلا کی طرف بڑھتے ہوئے سونامی کی پہلی بلند و بالا لہر بننے کے لیے پچھلے ہفتوں میں اپنے بوڑھوں، بچوں اور عورتوں سمیت اپنا گھر بار کاروبار چھوڑ کر پیدل ہی کربلا کی جانب چل دیے تھے تاکہ امام حسین علیہ السلام کے استغاثہ و پکار پہ سب سے پہلے لبیک یا حسین(ع) کہنے والے کہلا سکیں۔
امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کے شعائر اور حسینی انجمنوں کے سیکشن کے بصرہ میں نمائندے نے بتایا ہے کہ اہل بصرہ ناصرف اربعین امام حسین(ع) کے لیے پیدل کربلا جا رہے ہیں بلکہ لاکھوں بصری پورے عراق میں زائرین کی خدمت میں بھی مصروف ہیں شعائر اور حسینی انجمنوں کے سیکشن میں بصرہ کی رجسٹرڈ مواکب و انجمنوں میں سے (1750) مواكب اور انجمنوں نے پیدل جانے والے زائرین کے لیے صوبہ بصرہ کی حدود میں ہر طرح کے مطلوبہ انتظامات وافر مقدار میں کیے، اہل بصرہ کی (400) انجمنیں اور مواكب کربلا کے راستہ میں مختلف شہروں میں زائرین کی ہر ممکن خدموت کر رہی ہیں، اس کے علاوہ بصرہ کی (850) انجمنیں کربلا کی حدود میں گزشتہ ایک ہفتے سے زائرین کو تمام تر سہولیات اور مطلوبہ ضروریات مہیا کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ بصرہ میں مذکورہ سیکشن کے نمائندے نے صرف ان مواکب اور انجمنوں کی خدمات کا ذکر کیا ہے جو اس سیکشن میں رجسٹرڈ ہیں اور اہل بصرہ کی طرف سے انفرادی طور پر زائرین کی خدمت کے لیے کیے گئے کاموں اور مذکورہ سیکشن میں رجسٹرڈ نہ ہونے والی انجمنوں کی زائرین کے لیے خدمات کا اعداد و شمار ان کی کثرت کی وجہ سے ناممکن ہے۔
الکفیل نیٹ ورک کے نمائندے نے بصرہ سے چند تصاویر ہمیں ارسال کی ہیں کہ جنھیں آپ بھی ذیل میں دیکھ سکتے ہیں: