جنوبی صوبوں سے کربلا کی جانب پیدل سفر کرنے والے اب صوبہ مثنّٰى میں پہنچ چکے ہیں کربلا پہنچنے کیلئے انھیں 250کلو میٹر مسافت طے کرنی ہے

اربعین امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے عراق کے جنوبی صوبوں سے کربلا کی جانب پیدل سفر کرنے والے دسیوں لاکھ مومنین اس وقت آخری جنوبی صوبہ مثنّٰى میں پہنچ چکے ہیں جس کی بدولت گزشتہ چند دن سے تا حدِ نگاہ پورے صوبے دکھائی دینے والے محبانِ حسین(ع) کے قدموں کو صوبے کا ذرہ ذرہ چوم رہا ہے، اس کے بعد یہ زائرین عراق کے وسطی صوبوں اور شہروں میں داخل ہو جائیں گے اور مزید تقریبًا 250کلو میٹر کی مسافت طے کرنے کے بعد کربلا پہنچ جائیں گے اور اپنے ایمان و عقیدت کے کعبہ امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ میں حاضر ہو کر مراسیمِ زیارتِ اربعینِ امام حسین(ع) ادا کریں گے۔

ابھی مزید دو تین دن تک صوبہ مثنّٰى کے علاقوں میں جنوبی علاقوں سے پیدل آنے والے زائرین کا رش باقی رہے گایہ زائرین یہاں سے اب بالترتیب سماوة، وركاء، رميثة، طابو، حمزة، سدير، ديوانية، سنية، طليعة، قاسم، جربوعية، دبلة، حلّة، طهمازية اور طويريج سے گزرنے کے بعد كربلا میں داخل ہوں گے. صوبہ مثنّٰى کے رہنے والوں کی بہت بڑی تعداد جنوبی علاقوں سے پیدل آنے والے زائرین کے اس سونامی میں شامل ہو کر اس کی موجوں کو مزید بلند کر رہی ہے، صوبہ مثنّٰى میں جہاں کہیں بھی نگاہ کریں وہاں اہلِ مثنّٰى پچھلے علاقوں سے آنے والے مومنین کے ساتھ ہی کربلا کی جانب پیدل روانہ ہوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور جو پیدل نہیں جا رہے وہ زائرین کے کھانے پینے اور رہائش کے انتظامات میں مشغول نظر آتے ہیں مثنّٰى سے تعلق رکھنے والا کوئی فرد اس وقت شاید ہی ان دو کاموں کے علاوہ کسی تیسرے کام مصروف دکھائی دے۔

امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کے شعائر اور حسینی انجمنوں کے سیکشن کے صوبہ مثنّٰى میں نمائندے نے بتایا ہے کہ اہل مثنّٰى ناصرف اربعین امام حسین(ع) کے لیے پیدل کربلا جا رہے ہیں بلکہ ہر ممکن طریقہ سے گزشتہ کئی دن سے زائرین کی خدمت بھی کر رہے ہیں۔

شعائر اور حسینی انجمنوں کے سیکشن میں صوبہ مثنّٰى کے رجسٹرڈ مواکب و انجمنوں میں سے (1400) مواكب اور انجمنوں نے پیدل جانے والے زا‎ئرین کے لیے صوبہ مثنّٰى کی حدود میں ہر طرح کے مطلوبہ انتظامات وافر مقدار میں کیے ہیں، اہل مثنّٰى کے (330) خدماتی موبائل موکب بھی پورے راستے میں زائرین کو تمام تر سہولیات اور مطلوبہ ضروریات مہیا کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ صوبہ مثنّٰى میں مذکورہ سیکشن کے نمائندے نے صرف ان مواکب اور انجمنوں کی خدمات کا ذکر کیا ہے جو اس سیکشن میں رجسٹرڈ ہیں اور اہل مثنّٰى کی طرف سے انفرادی طور پر زائرین کی خدمت کے لیے کیے گئے کاموں اور مذکورہ سیکشن میں رجسٹرڈ نہ ہونے والی انجمنوں کی زائرین کے لیے خدمات کا اعداد و شمار ان کی کثرت کی وجہ سے ناممکن ہے۔ الکفیل انٹر نیشنل نیٹ ورک کے فوٹو گرافروں نے ہمیں صوبہ مثنّٰى کے مختلف علاقوں سے کچھ تصاویر ارسال کی ہیں جو ذیل میں موجود ہیں:
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: