حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے شعائر اور حسینی انجمنوں کے سیکشن نے عراق اور دوسرے ممالک کی کربلا آنے والی خدماتی اور ماتمی انجمنوں کے لئے اربعین امام حسین علیہ السلام 1437ھ کے لئے خصوصی تعلیمات اور گزارشات جاری کی ہیں تاکہ ان پر عمل درآمد کے ذریعے چہلم کے جلوسوں، عزاداری، زیارت اربعین کی دوسری عبادتی رسومات کی ادائیگی اور زائرین کی حرموں میں آمد ورفت میں زیادہ سے زیادہ آسانی پیدا کی جا سکے۔ مذکورہ سیکشن کے سربراہ جناب ریاض منعم سلمان نے بتایا ہے کہ ان گزارشات اور تعلیمات کو پمفلٹ کی صورت میں چھاپ کر کے کربلا میں موجود تمام خدماتی انجمنوں و مواکب اور چہلم کے موقع پر جلوسِ عزاء میں شامل ہونے والے تمام مواکب تک پہنچا دیا گیا ہے اور وہ غیر ملکی انجمنیں جو چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر جلوسِ عزاء میں شریک ہوں گی یا کربلا میں خدمات سر انجام دیں گی ان کو بھی پہلے سے یہ تعلیمات ارسال کر دی گئی ہیں۔ اربعین امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے جاری کردہ تعلیمات و گزارشات کے اہم نکات یہ ہیں:
oتمام انجمنوں، مواکب اور خدماتی تنظیموں کی انتظامیہ سے پہلے وقت میں نماز کے قیام کی استدعا کی جاتی ہے اور اسی طرح نماز کے دوران لاؤڈ سپیکر کے استعمال سے گریز کی گزارش کی جاتی ہے۔
oکسی بھی پارک، باغ اور چوراہوں کے درمیان بنے ہوئے لانز میں اور سڑکوں کے درمیان میں بنے فٹ پاتھز پر موکب یا خدماتی کیمپ لگانا ممنوع ہے۔
oتمام زائرین اور اہلِ مواکب کے لیے کربلا میں لگے تمام پودوں اور درختوں کی حفاظت ضروری ہے۔
oہر ماتمی انجمن صرف ایک مرتبہ اپنا جلوسِ عزاء دونوں حرموں میں لے جا سکتی ہے اور وہ بھی فقط اس وقت میں کہ جو مذکورہ سیکشن کی طرف سے اس کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
oزنجیر زنی کے جلوسوں کے لیے 16 اور 17صفر جبکہ ہاتھ سے ماتم کے جلوسوں کے لیے 18 اور 19صفر کا دن مختص کیا گیا ہے۔
oہر ماتمی انجمن کے جلوس کو حرموں میں داخلے کے لئے جو وقت دیا گیا ہے اس وقت میں اس کا شارع باب قبلہ امام حسین علیہ السلام کے بیرونی گیٹ پر ہونا ضروری ہے۔
oہر انجمن کا جلوس روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے باب قبلہ سے داخل ہو کر باب قاضی الحاجات سے باہر نکلے گا اور ما بین الحرمین سے ہوتا ہوا روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں داخل ہو گا اور وہاں سے باہر نکلنے کے بعد اپنے اپنے مراکز کی طرف روانہ ہو جائے گا۔
oتمام ماتمی انجمنوں سے گزارش ہے کہ وہ دونوں حرموں میں نوحہ خوانی اور ماتمی داری کے لئے نہ رکیں کیونکہ حرموں میں داخلے کے لیے انتظار میں کھڑے ہزاروں انجمنوں پر مشتمل جلوس میں شامل لاکھوں عزاداروں کی تعداد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔
oہر انجمن کے صدر کے لئے ضروری ہے کہ وہ کربلا پولیس کی طرف سے انجمن کے لئے جاری لائسنس اور شعائر اور حسینی انجمنوں کے سیکشن کی طرف سے دئیے جانے والے شناختی کارڈ کو اپنے پاس رکھے اور مقررہ مقامات پر انہیں انتظامیہ کو چیک کروائے۔
oہر انجمن کے صدر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی انجمن کے جلوس کی حفاظت اور سیکورٹی کی مجبوریوں کی وجہ سے اپنی انجمن کے ارکان کے علاوہ اجنبی افراد کو اپنے ساتھ شامل نہ کرے اور خاص طور پر دونوں حرموں میں داخل ہونے سے پہلے اس بات کی یقین دہانی کریں کہ ان کے جلوس میں غیر معروف اور اجنبی افراد شامل نہیں ہیں۔
oہر انجمن کے صدر کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے تمام لاؤڈ سپیکرز، کیمروں اور دوسرے آلات کو جلوس سے پہلے امن وا مان اور سیکورٹی کے حوالے سے چیک کریں۔
oہر انجمن کے لیے اپنے ساتھ کسی بھی قسم کا آتشی اور جراحی اسلحہ کا رکھنا ممنوع ہے۔
oجلوس کے ساتھ کسی بھی قسم کی تصویر کا ساتھ رکھنا یا اسے جلوس میں بلند کرنا ممنوع ہے۔
oاربعین کی مناسبت کے علاوہ کسی بھی قسم کی تمثیل ممنوع ہے۔
oہر انجمن کے لئے ایسے بینرز وغیرہ کا لگانا یا جلوس کے ساتھ رکھنا ممنوع ہے کہ جو چہلم امام حسین علیہ السلام کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے۔
oہر انجمن کو رسمی طور پر ایسے کاغذات فراہم کر دئیے جائیں گے کہ جن کی بدولت وہ اپنے سامان کو کربلا کی چیک پوسٹ سے اپنے مراکز میں لا سکیں گے۔
oکربلا شہر کے اندر یا باہر انجمنوں کے اماکن کی تعیین و تثبیت کربلا پولیس کے مقررہ آفیسر کی ذمہ داری ہے۔
oتمام انجمنوں سے گزارش ہے کہ وہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی طرف سے جاری کردہ تعلیمات، جلوس کے لئے مقرر کردہ وقت اور حرموں کے ملازمین اور خدام سے تعاون کو یقینی صورت دیں۔
oانجمنوں کے لئے جلوس عزاء اور دوسرے مواقع پر کسی بھی قسم کے مجمسوں کا ساتھ رکھنا ممنوع ہو گا۔
oمواکب الضعن کے لئے فقط 15 اور 16صفر کا دن مختص کیا گیا ہے۔
oحرموں کے اندر طبل کو بجانا ممنوع ہے۔
oکھانا پکانے والی انجمنوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ آگ بجھانے والی گیس کے سلنڈر کو ساتھ رکھیں تاکہ خدا نخواستہ کسی حادثے کی صورت میں اس کو بر وقت استعمال کر کے نقصان سے بچا جا سکے۔
oتمام خدماتی انجمنوں کے لئے ضروری ہے کہ صفائی کا مکمل خیال رکھیں اور پانی کی نکاسی کے لئے بنائے گئے گٹروں پر اپنے خیمے وغیرہ نصب نہ کریں اور نہ ہی ان پر اپنا سامان رکھیں۔
oشہر کے اندر کھانا پکانے کے لئے لکڑی کا استعمال ممنوع ہے لہٰذا اس مقصد کے لئے گیس استعمال کی جائے۔
oماتم اور زنجیر زنی کے جلوسوں میں خواتین کا شامل ہونا ممنوع ہے۔
oہر انجمن اپنے مرکز کے باہر بڑا سا بینر نصب کرے کہ جس پر انجمن اور اس کے صدر کا نام مکتوب ہو اور اس کا فون نمبر بھی ساتھ لکھا ہوا ہو۔
oکسی بھی مشکوک سر گرمی اور غیر قانونی حرکت کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس، فوج یا انتظامیہ کو دیں یا اس نمبر پر فون کریں: (07800678925)۔
oہر انجمن اور موکب اربعین کے بعد پہلی فرصت میں ہر جگہ سے اپنے خیموں اور دوسرے سامان کو ہٹا لے۔