عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جنگ لڑنے والی سیکورٹی فورسز اور عسکری رضاکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے دلیرانہ کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ایک اعلی سطحی وفد نے آج کا سارا دن فوجی جوانوں کے ساتھ محاذ جنگ پہ گزارا۔
علامہ شیخ عادل وکیل کی سربراہی میں یہ وفد صوبہ صلاح الدین کے علاقے تلال مكحول پہنچا اور اس علاقے میں عالمی دہشت گردوں سے برسرپیکار فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور ان کو موجودہ زمانے کے یزید زادوں کے خلاف میدان میں آنے والا امام حسین(ع) کا ناصر ومددگار اور انسانیت کا محسن قرار دیا۔
حرم کے وفد کی وہاں علی اکبر برگیڈ (لواءُ عليّ الأكبر{ع}) کے جوانوں سے بھی ملاقات ہوئی کہ جو اس علاقے میں داعش کو ناکوں چنے چبانے پہ مجبور کیے ہوئے ہیں روضہ مبارک امام حسین(ع) کی طرف سے تشکیل دیے گئے علی اکبر(ع) برگیڈ کے جوانوں نے مولا عباس(ع) کے حرم کے خدام کی محاذ پہ آمد کو فتح و نصرت کا نیک شگون اور انتہائی باعث خیر و برکت قرار دیا۔
واضح رہے کہ اس علاقے میں جاری آپریشن کے دوران علی اکبر برگیڈ (لواءُ عليّ الأكبر{ع}) کی شجاعت، ثابت قدمی اور قربانیوں کی بدولت سیکورٹی فورسز بہت بڑا ایریا داعش کے نجس وجود سے پاک کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔