یہ تقریب اپنی چھٹی سالانہ شکل میں "دفعة على هدي القمر" کے عنوان سے منعقد کی گئی، جسے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے یونیورسٹی اور اسکول ریلیشنز ڈویژن نے "من غيث كربلاء ينبت العطاء" کے بامعنی شعار کے تحت، نیشنل یوتھ آف الکفیل پروجیکٹ کے دائرہ کار میں ترتیب دیا۔
اس روح پرور اجتماع میں ملک بھر کی 75 سرکاری و نجی جامعات کے پانچ ہزار سے زائد فارغ التحصیل طلبہ نے شرکت کی، جو عراق کے مختلف صوبوں کی نمائندگی کر رہے تھے۔
تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، مجلسِ ادارہ کے متعدد اراکین، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور خدامِ روضہ نے شرکت کر کے طلبہ کو اپنی دعاؤں اور نیک تمناؤں سے نوازا۔
تقریب کے دوسرے دن کی سرگرمیوں میں شامل تھے:
- قاری حیدر بزونی کی آواز میں قرآنِ کریم کی تلاوت۔
- فارغ التحصیل طلبہ کا حلفِ وفاداری اور خدمتِ وطن و انسانیت کا عہد، جسے ڈاکٹر عباس الدده الموسوی (رکن مجلسِ انتظامیہ) نے پیش کیا۔
- امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کی زیارت کے مراسم، جن کے کلمات سید علی ماميثہ (شعبۂ سادہ خدام) نے ادا کیے۔
- طلبہ کا مارچ پاسٹ، جو بین الحرمین سے گزرتا ہوا روضہ مبارک امام حسین(ع) میں داخل ہوا۔
اس عظیم الشان تقریب کا مقصد فارغ التحصیل طلبہ کو عزت و افتخار کے ساتھ رخصت کرنا، گریجویشن کی تقریبات کا ایک منفرد اور باوقار نمونہ پیش کرنا، اور ان کی علمی و عملی جدوجہد کو مقدس بارگاہوں میں اختتام پذیر کر کے اسے روحانی تاثر سے ہمکنار کرنا تھا۔












