عراق کی مختلف یونیورسٹیوں سے حال ہی میں فارغ التحصیل ہونے والے ہزاروں طلباء نے گریجویشن تقریب کے ضمن میں روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی فضیلت افروز بارگاہوں کے پاس پُرعزم اور پُروقار مارچ کا مظاہرہ کیا۔
اس سال فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کے لیے منعقدہ اس روحانی و علمی گریجویشن تقریب کا اہتمام روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ تعلقات عامہ سے منسلک یونیورسٹی اور سکول ریلیشنز ڈویژن نے کیا ہے، یہ تقریب الکفیل یوتھ نیشنل پروجیکٹ کےضمن میں (من غيث كربلاء ينبت العطاء) کے نعرے کے تحت جاری ہے اور اس میں عراق کی 75 یونیورسٹیوں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 5,000 سے زیادہ طلباء شریک ہیں۔
طلباء کا مارچ روضہ مبارک حضرب عباس(ع) سے شروع ہوا اور ما بین الحرمین سے گزرتا ہوا روضہ مبارک امام حسین(ع) میں پہنچا۔
اس عظیم الشان تقریب کا مقصد فارغ التحصیل طلبہ کو عزت و افتخار کے ساتھ رخصت کرنا، گریجویشن کی تقریبات کا ایک منفرد اور باوقار نمونہ پیش کرنا، اور ان کی علمی و عملی جدوجہد کو مقدس بارگاہوں میں اختتام پذیر کر کے اسے روحانی تاثر سے ہمکنار کرنا تھا۔













