وفدِ روضۂ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے حضرت فاطمہ زہراء(ع) پر منعقدہ فکری نشست میں شریک محقق خواتین کی تکریم

روضۂ مبارک حضرت عباس(ع) کے وفد نے پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے انچولی میں حضرت فاطمہ زہراء(ع) کی سیرتِ مبارکہ کے موضوع پر منعقدہ خواتین کی فکری و مکالماتی نشست میں شریک محقق خواتین کو تعریفی اسناد اور اعزازات سے نوازا۔

یہ فکری نشست تیسری سالانہ فاطمہؑ سبیلِ نجات کانفرنس کی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جو سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ زہراء(ع) کے جشن میلاد کے احیاء کے لیے منعقد کی گئی ہے۔

نشست کے دوران حضرت فاطمہ زہراء(ع) کی حیاتِ طیبہ، ان کے کردار اور ان کی شخصیت کے مختلف فکری، اخلاقی اور سماجی پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے چار تحقیقی مقالات پیش کیے گئے، جن میں سیدۂ نساءِ عالمین(ع) کے اسوۂ حسنہ کو علمی انداز میں اجاگر کیا گیا۔

مقالات پیش کرنے والی محقق خواتین کو روضۂ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ دینی امور کے سربراہ شیخ صلاح کربلائی، شعبۂ ہدایہ و نذورات کے معاون سربراہ سید محمد جلوخان اور پاکستان میں روضۂ مبارک حضرت عباس(ع) کے نمائندے شیخ ناصر عباس نجفی نے شیلڈز اور اعزازی اسناد پیش کیں۔


واضح رہے کہ روضۂ مبارک حضرت عباس(ع) اس نوعیت کے علمی و ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ زہراء(ع) کی یاد کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کے فکری و اخلاقی اصولوں کو اسلامی معاشرے کے مختلف طبقات میں راسخ کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: