روضۂ مبارک کے شعبۂ دینی امور کے سربراہ شیخ صلاح کربلائی نے بتایا کہ اسلام آباد میں واقع جامعۃ الکوثر کا یہ دورہ اس حوالے سے اہمیت کا حامل ہے کہ یہ اُن اولین مراکز میں سے ہے جہاں سے روضات مقدسہ کی جانب سے متعدد دینی و ثقافتی تقریبات کا آغاز ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفد نے ممتاز عالمِ دین مرحوم شیخ محسن نجفیؒ کی دوسری برسی کے احیاء کے لیے ان کی قبر پر حاضری دی اور اہلِ بیتؑ کی خدمت اور ان کے علوم کی اشاعت میں مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وفد نے مرحوم کے فرزندگان سے ملاقات بھی کی اور انہیں متبرک تحائف پیش کیے۔
روضہ مبارک کے وفد نے شیخ نجفی کی قبر پر ایک خصوصی چادر چڑھائی کہ جنہوں نے اس ملک میں اہل بیت(ع) کی تعلیمات کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ یہ دورہ اُن مسلسل دینی و ثقافتی اقدامات کا حصہ ہے جو روضۂ مبارک حضرت عباسؑ کی جانب سے پاکستان میں انجام دیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد اہلِ بیتؑ کے علوم کی نشر و اشاعت اور اسلامی معاشرے کے مختلف طبقات میں دینی اقدار کو مستحکم کرنا ہے۔







