روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ فکری و ثقافتی امور نے جامعۂ بصرہ کی طرف سے کیے جانے والے علمی و تحقیقی کاموں کی ڈیجیٹلائزیشن اور آرکائیونگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور حال ہی میں موصول ہونے والی تیسری کھیپ کو بھی برقی صورت دینے اور اس کی فہرست سازی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ آرکائیونگ منصوبہ "عراقی علمی کاوشوں کے تحفظ کی قومی مہم" کے تحت انجام دیا جا رہا ہے، جس کی تنفیذ و نگرانی شعبے کے ذیلی ادارے ڈیجیٹل انفارمیشن سنٹر (مركز المعلومات الرقمية)کے ذمہ ہے۔
مرکز میں علمی ذخائر کی تصویربرداری کے انچارج حسین عبداللہ جواد نے بتایا کہ ہمارے فنی عملے نے "عراقی علمی کاوشوں کے تحفظ کی قومی مہم" کے تحت جامعۂ بصرہ کی مرکزی لائبریری میں موجود تحقیقی مقالہ جات (تھیسز) کی تیسری کھیپ کی ڈیجیٹلائزیشن اور آرکائیونگ کا عملی آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ان اسٹریٹجک منصوبوں کا حصہ ہے جس کا مقصد عراق کی علمی حیثیت کو اجاگر کرنا اور اس کے علمی ورثے کا تحفظ ہے۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) "حفظ النتاج العلمي العراقي" منصوبے کے ذریعے، علمی و فکری تحقیق کی سرپرستی، تکنیکی ترقیات سے ہم آہنگ ایک مؤثر علمی ماحول کی فراہمی، اور ڈیجیٹل لائبریری کو متنوع اور مستند علمی مصادر سے مالا مال کرنے کے لیے کوشاں ہے۔







