روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ ابلاغ و نشریات نے جامعہ کربلا کے کالج آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلباء کے لیے فوٹوگرافی کے بارے میں ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔
مذکورہ بالا شعبہ کے سربراہ علی بدری نے اس حوالے سے بتایا کہ شعبہ، اکیڈمک حلقوں کی معاونت کے لیے خصوصی تربیتی پروگراموں کے انعقاد کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے، جن کا مقصد معیاری تجربات کی منتقلی اور میڈیا کے شعبے میں تیزی سے رونما ہونے والی ڈیجیٹل ترقی کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام تعلیمی اور ابلاغی اداروں کے مابین کردار کے باہمی تکامل کی اہمیت پر یقین کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان پروگراموں کے ذریعے طلباء اور تدریسی عملے کو جدید مواد سازی کے وسائل، معلومات کی جانچ پڑتال کے طریقے اور پیشہ ورانہ میڈیا مینجمنٹ کے تصورات سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعات کے ساتھ کھلا رابطہ، افکار کے اتحاد اور نصاب کی ترقی کے لیے ایک بنیادی قدم ہے، تاکہ اسے جدید عملی میدان کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
اسی تناظر میں ورکشاپ کے انسٹرکٹر سامر حسینی نے کہا کہ یہ ورکشاپ شعبے سے وابستہ میڈیا ٹریننگ سنٹر کی جانب سے، کالج کی درخواست پر منعقد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ورکشاپ میں فوٹوگرافی کے کئی اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی، جن میں تصویر کی تشکیل کے اصول، فوٹوگرافی کے مختلف زاویوں کی پہچان اور تصاویر کی پروسیسنگ کے طریقے شامل تھے۔
دوسری جانب کالج میں طلباء کی معاون سرگرمیوں کے انچارج ڈاکٹر علاء شبیب طائی نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روضہ مبارک طلباء کی مہارتوں کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کالج کی درخواست پر مثبت ردعمل دینے پر روضۂ مبارک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔






